ETV Bharat / jammu-and-kashmir

اننت ناگ میں منشیات فروش کا مکان قرق، زیر زمین ٹھکانہ برآمد ،چار میڈیکل شاپس سیل

ملزم کی رہائشی عمارت، جس کی مالیت تقریباً 1.06 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

اننت ناگ میں منشیات فروش کا مکان قرق، زیر زمین ٹھکانہ برآمد ،چار میڈیکل شاپس سیل
اننت ناگ میں منشیات فروش کا مکان قرق، زیر زمین ٹھکانہ برآمد ،چار میڈیکل شاپس سیل (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 5, 2026 at 10:48 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ: (میر اشفاق) منشیات کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے بجبہاڑہ کے تلکھن علاقہ میں ایک منشیات فروش رئیس احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار کے مکان پر نارکو کارڈن اینڈ سرچ آپریشن انجام دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم پہلے ہی ایف آئی آر نمبر 50/2021 زیر دفعات 8/21، 29 این ڈی پی ایس ایکٹ تھانہ بجبہاڑہ میں ملوث ہے، جس میں اس سے قبل 2600 بوتل کوڈین فاسفیٹ برآمد کی گئی تھیں۔ ملزم کی رہائشی عمارت، جس کی مالیت تقریباً 1.06 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، کو 15 اپریل 2026 کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیا جا چکا ہے۔

تلاشی کارروائی کے دوران مکان کے احاطے میں ایک خفیہ زیرِ زمین ٹھکانہ نما ڈھانچہ دریافت کیا گیا، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اسے منشیات چھپانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

وہیں اننت ناگ پولیس نے منشیات سے حاصل شدہ غیر قانونی آمدنی کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر لیا ہے۔ سری گفوارہ پولیس تھانہ نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 (F) کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ایک منزلہ رہائشی مکان، جس کی مالیت تقریباً 85 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے، کو ضبط کیا ہے۔ یہ جائیداد امتیاز احمد گنائی ولد لسہ گنائی ساکن شالگام، سری گفوارہ کی ملکیت ہے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم ایف آئی آر نمبر 72/2022 کے تحت تھانہ سری گفوارہ میں درج مقدمے میں ملوث ہے، جو این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ بات ثابت ہوئی کہ ضبط شدہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے بنائی گئی تھی۔

وہیں اننت ناگ پولیس نے ضلع میں چار میڈیکل شاپس کو سیل کر دیا، پولیس نے ڈرگ کنٹرول محکمہ کے حکام کے ساتھ مل کر عیشمقام اور بجبہاڑہ میں واقع طبی مراکز کا معائنہ کیا۔

معائنہ کے دوران اریگول عیشمقام میں قائم تین اور بجبہاڑہ میں ایک میڈیکل اسٹورز کے ریکارڈ اور اسٹاک رجسٹر میں بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام نے قانونی کارروائی کے تحت میڈیکل اسٹورز کو موقع پر ہی سیل کر دیا، جبکہ مزید تحقیقات اور قانونی عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ کے شیتی پورہ میں منشیات کا خفیہ ٹھکانہ بے نقاب، خاصی مقدار میں منشیات برآمد