ETV Bharat / jammu-and-kashmir

منشیات کو روکنے کے لئے ڈرگ کنٹرول محکمہ متحرک، ضلع بھر میں کریک ڈاؤن، تین میڈیکل شاپس کا آپریشن معطل

محکمہ نے واضح کیا کہ ضابطہ جاتی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

منشیات کو روکنے کے لئے ڈرگ کنٹرول محکمہ متحرک
منشیات کو روکنے کے لئے ڈرگ کنٹرول محکمہ متحرک (IMAGE: ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 29, 2026 at 10:55 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ: (میر اشفاق) اننت ناگ میں ڈرگ کنٹرول محکمہ نے پولیس کے اشتراک سے ادویات کی فروخت، ذخیرہ اندوزی اور تقسیم سے متعلق قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ضلع بھر میں 14 سے زائد اچانک معائنے کیے۔ اس دوران ریکارڈ کی دیکھ بھال میں بے ضابطگیاں پائے جانے پر تین میڈیکل شاپس کے آپریشن کو معطل کر دیا گیا، جبکہ مختلف اقسام کی ادویات کے پانچ نمونے بھی لیبارٹری جانچ کے لیے حاصل کیے گئے۔

محکمہ ڈرگ کنٹرول اننت ناگ کی جانب سے ضلع کے مختلف علاقوں، جن میں بٹنگو ، مٹن اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ ان میں قائم میڈیکل اسٹورز اور ادویات کے کاروبار سے وابستہ اداروں کا اچانک معائنہ کیا گیا۔ اس کارروائی کا مقصد ادویات کی فروخت، ذخیرہ اور تقسیم سے متعلق قانونی و ضابطہ جاتی تقاضوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا اور میڈیکل شاپس کی جانب سے لازمی ریکارڈ کی مناسب دیکھ بھال کا جائزہ لینا تھا۔

معائنے کے دوران محکمہ کے اہلکاروں نے ادویات کی دستیابی، قانونی رجسٹروں، خرید و فروخت کے ریکارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ کی۔ اس دوران خاص طور پر ایسی ادویات سے متعلق ریکارڈ کی جانچ کی گئی جن میں نشے یا نشہ کی عادت پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے اور جن کی فروخت و تقسیم پر سخت قانونی اور ضابطہ جاتی نگرانی نافذ ہے۔

کارروائی کے دوران بٹینگو میں واقع ایک میڈیکل اسٹور اور زاہد امین میڈیکل اسٹور کے آپریشن کو موقع پر ہی معطل کر دیا گیا، کیونکہ ان اداروں میں نشہ آور یا نشہ کی عادت پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ادویات سے متعلق ریکارڈ کی دیکھ بھال میں خامیاں اور تضادات پائے گئے۔

اسی طرح ایک الگ کارروائی میں اچھہ بل کے ترہپو علاقے میں واقع امرین فارما کے خلاف بھی ضابطہ جاتی خلاف ورزیاں سامنے آنے کے بعد اس کے آپریشن کو بند یا معطل کر دیا گیا۔

محکمہ نے واضح کیا کہ ایسی ادویات، جن میں نشے یا عادت پیدا کرنے کی صلاحیت ہو، ان سے متعلق خرید و فروخت اور دیگر قانونی ریکارڈ کا درست، مکمل اور قابل تصدیق ہونا لازمی ہے۔ ریکارڈ کی دیکھ بھال میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا ضابطہ جاتی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دریں اثنا، ادویات کے معیار کی جانچ کے سلسلے میں ایک علیحدہ کارروائی کے دوران محکمہ کے اہلکاروں نے کوآپریٹو فیئر پرائس، مٹن سے مختلف زمروں کی ادویات کے پانچ نمونے حاصل کیے۔ ان نمونوں کو تفصیلی لیبارٹری تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ ان کے معیار اور مقررہ طبی و ضابطہ جاتی معیارات کے مطابق ہونے کی تصدیق کی جا سکے۔

ڈرگ کنٹرول محکمہ کے مطابق یہ کارروائی ضلع اننت ناگ میں فارماسیوٹیکل اور ادویاتی کاروبار پر ضابطہ جاتی نگرانی کو مزید مضبوط بنانے اور ادویات کی فروخت و تقسیم سے متعلق قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔

محکمہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں میڈیکل شاپس اور دیگر لائسنس یافتہ ادویاتی اداروں کے اچانک معائنے آئندہ بھی باقاعدگی سے جاری رہیں گے اور ادویات کی فروخت، ذخیرہ اندوزی اور تقسیم سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ڈرگ کنٹرول محکمہ نے تمام لائسنس یافتہ میڈیکل شاپ مالکان اور ادویات فروشوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ خرید و فروخت سے متعلق اپنا ریکارڈ درست، مکمل، اور قابل تصدیق رکھیں، بالخصوص ان ادویات کے معاملے میں جن میں نشے یا عادت پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔

محکمہ نے مزید کہا کہ ادویات سے متعلق قوانین کی پابندی اور ریکارڈ کی مناسب دیکھ بھال نہ صرف دواؤں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ضروری ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بناتی ہے کہ ادویات کی فراہمی مکمل طور پر قانونی اور ضابطہ جاتی نگرانی کے دائرے میں رہے۔