ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر کا رفیع آباد میں ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کی امداد کی یقین دہانی
ڈائریکٹر ہارٹیکلچر وکاس آنند کہا کہ لوگوں کا کافی نقصان ہوا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ انہیں معاوضہ دیا جائے۔

Published : May 23, 2026 at 8:05 PM IST
بارہمولہ (کوثر عرفات): شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد کے مختلف علاقوں میں کل شام کافی زیادہ ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں سیب کے ساتھ وابستہ فروٹ گروورز کو کافی نقصان ہوا ہے۔ اس ضمن میں آج کابینہ وزیر جاوید احمد ڈار کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر نے رفیع آباد کا دورہ کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔
اس موقعے پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر وکاس آنند نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے علاقے کا دورہ کیا اور پایا کہ نقصان کافی زیادہ ہوا ہے۔ ہمارے محکمہ سے وابستہ مختلف ٹیمیں گاؤں گاؤں میں جا کر نقصانات کا جائزہ لیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کے ساتھ بات کی اور ہمیں معلوم ہے کہ کافی بار ژالہ ہوئی ہے اور ان کا کافی نقصان ہوا ہے۔ آج ہماری ساتھ کابینہ وزیر جاوید احمد ڈار بھی موجود ہیں اور ہم سب کی کوشش یہ ہے کہ ان لوگوں کو معاوضہ دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ترال کے دیہات میں شدید ژالہ باری، فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان
انہوں نے کہا کہ ہم ان فروٹ گروورز سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ سرکار کی مختلف اسکیموں سے استفادہ کریں اور اس میں جو زالہ باری مخالف جال ہے اس کا استعمال کرنا کافی اشد ہے۔
موصوف نے مزید کہا کہ ہمارا محکمہ ان فروٹ گروورز کی مدد کرنا چاہتا ہے لیکن ان کو بھی وقت وقت پر سرکار کی ایڈوائزری کے حساب سے اپنے باغات میں احتیاطی اقدامات کرنے کے ساتھ ادویات کا استعمال کرنا چاہیے اور ان کو پتہ ہونا چاہیے کہ کون سی دوا کس وقت چھڑکنی ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: وادی کشمیر میں موسلا دھار بارشیں اور شدید ژالہ باری، شوپیان میں فصلوں کو بھاری نقصان

