ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ڈی آئی جی پولیس نے کٹھوعہ، سانبہ میں امرناتھ یاترا 2026 کی تیاریوں کا لیا جائزہ
پولیس افسران نے سیکورٹی ایجنسیز کے مابین تال میل اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے جانے کی ہدایت دی۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : June 1, 2026 at 1:13 PM IST
جموں:انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون، بھیم سین توتی نے امرناتھ یاترا 2026 کے پیش نظر کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں سکیورٹی سمیت یاتریوں کے لیے میسر رکھے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی، جے ایس کے رینج، دھر پاٹل، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راجیش شرما، ایس ایس پی کٹھوعہ موہیتا شرما، ایس ایس پی راجندر سنگھ اور دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آئی جی پی نے لکھن پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بیس کیمپ، لنگر کے مقامات، قیام گاہوں اور استقبالیہ مراکز کا معائنہ کیا اس دوران سکیورٹی تعیناتی، سی سی ٹی وی نگرانی، داخلی و خارجی کنٹرول، تلاشی کے انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق بعد میں آئی جی پی نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کٹھوعہ میں یاترا کی تیاریوں کے حوالے سے ایک جامع سکیورٹی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔


اجلاس میں ایس ایس پی کٹھوعہ موہیتا شرما نے سکیورٹی انتظامات، نگرانی کے نظام، قافلوں کے انتظام، فوری ردعمل ٹیموں (QRTs) کی تعیناتی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی پی جموں نے افسران کو زیادہ سے زیادہ چوکس رہنے، سکیورٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور یاتریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت دی۔
ڈی آئی جی، جے ایس کے رینج، نے لنگروں اور قیام گاہوں کا باقاعدہ معائنہ کرنے اور مشتبہ عناصر پر کڑی نظر رکھنے پر زور دیا۔ بعد ازاں، آئی جی پی نے ضلع سانبہ میں بھی یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیا، جہاں ایس ایس پی سانبہ انوج کمار نے ضلع کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران منعقدہ اجلاس میں جموں و کشمیر پولیس، مرکزی پولیس فورسز انٹیلی جنس ایجنسیز اور پنجاب پولیس کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ یاترا کو محفوظ، پرامن اور کامیاب بنایا جا سکے۔

دونوں اضلاع میں منعقدہ جائزہ اجلاسوں کے دوران ڈرون نگرانی کو مزید مؤثر بنانے، اہم تنصیبات، لنگروں اور قیام گاہوں میں اینٹی سبوتاژ چیکنگ کے لیے ڈاگ اسکواڈز تعینات کرنے اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ افسران کو قومی شاہراہ اور سرحدی علاقوں میں چوبیس گھنٹے نگرانی، ناکہ چیکنگ اور گشت بڑھانے، کرایہ داروں کی تصدیق اور مردم شماری مہم کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ تمام اہم یاترا مقامات پر سی سی ٹی وی کوریج میں اضافہ اور 24 گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

