ETV Bharat / jammu-and-kashmir
انہدامی کارروائی منتخب حکومت کو ذلیل کرنے کی سازش: عمر عبداللہ
عمرعبداللہ نے راج بھون پر منتخب حکومت کو کمزور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’’بلڈوزر کارروائی حکومت بدنام کرنے کی سازش۔‘‘

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : November 28, 2025 at 5:25 PM IST
سرینگر (جاوید ڈار) : جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مختلف علاقوں میں جاری انہدامی کارروائیوں پر راج بھون کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ راج بھون کے ماتحت افسران جان بوجھ کر منتخب حکومت کی منظوری کے بغیر ہی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ عمر عبداللہ انہدامی کارروائی کو منتخب حکومت کو بدنام اور ذلیل کرنے کی سازش قرار دیا۔
سرینگر میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’فیلڈ اسٹاف، ریونیو حکام کو عوامی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر ہی انہدامی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’وزراء کی منظوری کے بغیر بلڈوزر استعمال کیے جا رہے ہیں۔‘‘ جو ان کے مطابق ’’حکومت کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے۔‘‘
عمر عبداللہ نے کہا: ’’یہ افسران ہماری مرضی کے بغیر فیصلے سنا کر کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ ریونیو اور فیلڈ اسٹاف کو منتخب حکومت کے تحت کام کرنا چاہیے، لیکن بلڈوزر ہماری مشاورت کے بغیر استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ہماری حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔‘‘
عمر عبداللہ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ انہدامی کارروائی مخصوص نوعیت کی لگ رہی ہے اور ایک خاص برادری (مسلمانوں) کو نشانہ بنائے جانے کی طرف عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا: ’’کیا جموں میں صرف ایک ہی جگہ پر غیر قانونی تعمیرات تھیں؟ صرف ایک شخص کو ہی کیوں نشانہ بنایا گیا؟ کیا اس کی وجہ مذہب تھا؟ اس طرح کی کارروائی ناانصافی پر مبنی ہے اور سنجیدہ سوالات کو جنم دیتی ہے۔‘‘ عمر عبداللہ کا اشارہ گزشتہ کل جموں میں ایک آئن لائن پورٹل سے وابستہ صحافی کا رہائشی مکان گرائے جانے کی طرف تھا۔
ارفاز نامی ایک صحافی کے مطابق ان کا مکان جمعرات کی صبح منہدم کیا گیا اور کارروائی سے قبل نہ انہیں پیشگی اطلاع دی گئی اور نہ ہی انہیں گھریلو سامان باہر نکالنے کا موقع دیا گیا۔ اس انہدامی کارروائی کی سیاسی و سماجی حلقوں نے مذمت کرتے ہوئے اس کارروائی میں ملوث سے متعلق اپنا پلو جھاڑا۔
یہ بھی پڑھیں:

