ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین کے خلاف ایف آئی آر درج ہو، پولیس سے صحافی ارفاز ڈینگ کے والد کا مطالبہ
حالیہ دنوں میں جے ڈی اے نے صحافی ارفاز ڈینگ کے مکان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بلڈوزر سے مسمار کر دیا تھا۔

Published : December 4, 2025 at 4:20 PM IST
جموں (عامر تانترے): کچھ روز قبل جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) نے جموں کے چننی راما علاقے میں صحافی ارفاز احمد ڈینگ کے والد کے 40 سالہ گھر کو مسمار کر دیا۔ متاثرہ خاندان نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس 'غیر قانونی' کارروائی کے لیے جے ڈی اے کے وائس چیئرمین روپیش کمار اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
اس سلسلے میں ارفاز ڈینگ کے والد غلام قادر ڈینگ نے سٹیشن ہاؤس آفیسر تریکوٹہ نگر پولیس سٹیشن جموں کو خط لکھا ہے کہ وہ جے ڈی اے کے وائس چیئرمین، جے ڈی اے ڈی ایل ایم ، تحصیلدار جے ڈی اے میگھا گپتا، خلاف وارزی افسر اور موقع پر موجود پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف غیر قانونی طور پر مکان کو مسمار کرنے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کریں۔

درخواست میں، ڈینگ نے لکھا، "مذکورہ انہدام بغیر کسی نوٹس کے، قانون کے مناسب طریقہ کار کی پیروی کیے بغیر، اور انتخابی اور امتیازی طریقے سے کیا گیا، جس سے مجھے اور میرے خاندان کو نقصان پہنچا۔"
انھوں نے خط میں لکھا کہ، "مسماری کے دوران متعدد پولیس اہلکار بھی موجود تھے اور کارروائی غیر قانونی ہونے کے باوجود جے ڈی اے ٹیم کی فعال طور پر مدد کی، اس طرح اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیا اور میرے آئینی اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی کی۔ ڈینگ نے مزید لکھا کہ، اس غیر قانونی انہدام کی وجہ سے، میں اور میرا خاندان بشمول نابالغ پوتے، سخت سردی کے حالات میں مکمل طور پر بے گھر ہو گئے ہیں۔
انھوں نے لکھا کے جے ڈی اے کی غیر قانونی کارروائی کی وجہ سے ان کے خاندان کو جسمانی، ذہنی، مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈینگ نے لکھا، جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ جے ڈی اے کے عہدیداروں نے قابل شناخت جرائم کا ارتکاب کیا ہے جن میں مجرمانہ مداخلت، شرارت سے نقصان پہنچانا، مجرمانہ دھمکیاں، طاقت کا غلط استعمال اور سازش شامل ہے، جو بی این ایس کے تحت قابل سزا ہیں۔
انہوں نے تمام ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور تحقیقات میں تعاون کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
غلام قادر ڈینگ نے درخواست کی ایک کاپی جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر، وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں اور ایس ایس پی جموں کو معلومات کے لیے بھیجی ہے۔

ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے، ارفاز ڈینگ نے کہا کہ ان کا خاندان اس کی وجوہات جاننا چاہتا ہے کہ ان کا گھر کیوں گرایا گیا اور اس حرکت کے پیچھے کون تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس کارروائی نہیں کرتی ہے تو ہم مزید کارروائی کے لیے عدالت جائیں گے۔
درخواست کے بارے میں جب پولیس اسٹیشن تریکوٹہ نگر کے عہدیداروں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی بھی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا کہ آیا انہوں نے درخواست کو قبول کیا یا مسترد کیا۔
یہ بھی پڑھیں:

