ETV Bharat / jammu-and-kashmir
رام بن میں صفائی کرمچاریوں کا احتجاج، مستقل ملازمت کا مطالبہ
صفائی کرمچاریوں کے احتجاج کی حمایت میں مقامی سیاسی و سماجی رہنما بھی آگے آ رہے ہیں۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : June 3, 2026 at 7:48 PM IST
رامبن (نواز رونیال ) : ملازمت کی مستقلی کی مانگ کو لیکر جاری ہڑتال کے بیچ صوبہ جموں کے رامبن ضلع میں سیاسی و سماجی کارکنان بھی صفائی کرمچاریوں کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔ رام بن ضلع میں احتجاج کر رہے صفائی ملازمین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے محکمہ میں یومیہ اجرت پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور شہروں اور قصبہ جات کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تاہم مہنگائی کے اس دور میں 300 روپے یومیہ مزدوری پر اپنے اہلِ خانہ کا گزارا کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
ڈیلی ویجرز نے جموں و کشمیر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جنہوں نے سات سال یا اس سے زیادہ عرصہ سے خدمات انجام دی ہیں، انہیں فوری طور پر مستقل کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ احتجاج کر چکے ہیں، لیکن ہر بار انہیں 10 سے 15 دن کا وقت دے کر معاملہ ٹال دیا جاتا ہے۔
دریں اثناء، احتجاج میں کانگریس کے مقامی لیڈر اور این ایس یو آئی (NSUI )کے سابق قومی صدر فیروز احمد خان نے صفائی کرمچاریوں کے احتجاج میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی حمایت یہ کہہ کر کی کہ "یہ ملازمین برسوں سے محض 300 روپے یومیہ اجرت پر کام کر رہے ہیں، جبکہ موجودہ دور میں اس رقم سے گزر بسر کرنا ممکن نہیں۔ ان کے جائز مطالبات کا ساتھ دینا ہمارا فرض بنتا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ صفائی کرمچاریوں کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے اور اعلیٰ حکام کو ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ ملازمین کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:
کشمیر میں یومیہ اجرت والے مزدوروں کا احتجاج، عمر حکومت کو پوسٹ بجٹ ریگولرائزیشن کا وعدہ یاد دلایا

