ETV Bharat / jammu-and-kashmir
شوپیاں میں این آئی اے کا چھاپہ، جنگلاتی علاقے کی باریک بینی سے تلاشی
این آئی اے، پولیس اور سی آر پی ایف کی جانب سے چھاپہ مار کارروائی کے حوالہ سے کوئی بیان جاری نہیں ہوا ہے۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : January 2, 2026 at 7:08 PM IST
شوپیاں (شاہد ٹاک) : قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے جمعہ کو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک بڑی چھاپہ مار کارروائی انجام دی گئی۔ این آئی اے کی ٹیم نے پولیس اور سی آر پی ایف کی ٹیم ہمراہ ضلع کے پادپاون نامی جنگلاتی علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی مہم چلائی۔
این آئی اے، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم اچانک پادپاون کے گھنے جنگلات میں پہنچی، جہاں کئی گھنٹوں تک مشتبہ مقامات کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ کارروائی کے دوران علاقے میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ تاحال اس سلسلے میں این آئی اے کی جانب سے کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، جس سے یہ واضح ہو سکے کہ یہ چھاپے کس مقصد کے تحت ڈالے گئے۔
تاہم معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دہلی میں پیش آئے کار بم دھماکے کے تناظر میں انجام دی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ این آئی اے اس دھماکے سے جڑے ممکنہ روابط اور پس منظر کی تحقیقات کر رہی ہے، جس کے تحت مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 10نومبر کو دہلی کے لال قلعہ کے نزدیک ایک کار بم دھماکہ ہوا، جس نے پورے ملک میں سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا تھا۔ اس دھماکے میں ایک گاڑی زور دار دھماکے سے پھٹ گئی جس نے اپنے ساتھ کئی معصوم شہریوں کی جان لی۔ دھماکے کے بعد این آئی اے نے معاملے کی تفتیش اپنے ہاتھوں میں لے لی ہے۔ اور واقعے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں مشتبہ نیٹ ورکس اور روابط کی جانچ کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ ماہ جنوبی کشمیر کے ہی اننت ناگ ضلع میں چھاپہ مارا گیا تھا جس کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ سے قبل جنگلاتی علاقے میں حملہ آوروں نے پریکسٹس دھماکہ انجام دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:

