ETV Bharat / jammu-and-kashmir
شوپیان میں سی آر پی ایف اہلکار کی خودکشی، سروس رائفل سے خود کو گولی مار لی
متوفی کی شناخت منیش کمار کے طورپر کی گئی جو ہماچل پردیش کے رہائشی تھے اور سی آر پی ایف 14ویں بٹالین میں تعینات تھے۔

Published : February 27, 2026 at 8:49 PM IST
شوپیان (شاہد ٹاک) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں جمعہ کی شام دیر گئے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سی آر پی ایف کے ایک اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ واقعہ بٹہ پورہ علاقے میں قائم ایک کیمپ میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار نے کیمپ کے اندر اپنی ڈیوٹی کے دوران اچانک اپنی سروس رائفل کا رخ اپنی جانب موڑ کر گولی چلا دی۔ گولی لگنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسے فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت منیش کمار کے طور پر کی گئی ہے جو ریاست ہماچل پردیش کا رہائشی تھا اور سی آر پی ایف کی 14ویں بٹالین کے ساتھ تعینات تھا۔ زرائع کے مطابق واقعہ کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا معاملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایل جی کے ذریعہ ایم ایل ایز کی نامزدگی کا معاملہ: کیس کی سماعت آج جموں کشمیر ہائی کورٹ میں ہوگی
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور پورے کیمپ کو سکیورٹی حصار میں لے لیا گیا۔ پولیس نے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ واقعہ کے اصل محرکات کا پتہ چلایا جا سکے۔ اہلکار کے ساتھیوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد آبائی ریاست روانہ کیا جائے گا جہاں آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

