ETV Bharat / jammu-and-kashmir
کولگام میں سی آر پی ایف اہلکار نے خود کو ہلاک کر لیا، سروس رائفل سے چلائی گولی
سرکاری ذرائع کے مطابق متوفی اہلکار کی شناخت وائی چندرا ریڈی کے طور پر ہوئی ہے، جو ریاست آندھرا پردیش کے رہنے والے تھے۔

Published : July 9, 2026 at 9:10 AM IST
کولگام، جموں وکشمیر (اشفاق احمد میر): جنوبی کشمیر کے ضلع کُلگام میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر جان دے دی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق متوفی اہلکار کی شناخت وائی چندرا ریڈی کے طور پر ہوئی ہے، جو ریاست آندھرا پردیش کے رہنے والے تھے۔ وہ سی آر پی ایف کی 18ویں بٹالین، ایف کمپنی میں تعینات تھے۔
ذرائع کے مطابق اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود پر فائر کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
انتہائی اقدام کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ مبینہ خودکشی کا ہے، تاہم اہلکار کے اس انتہائی اقدام کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جب کہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جار ہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔

