ETV Bharat / jammu-and-kashmir
سی آر پی ایف ایف نے کیا رامبن، ادھم پور طبی کیمپ کا انعقاد
سیویک ایکشن پروگرام کے تحت صوبہ جموں کے کئی دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی کیمپ کے دوران سینکڑوں مریضوں کا علاج کیا گیا۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : February 20, 2026 at 4:38 PM IST
رام بن، ادھم پور (نواز رونیال، آشیش دت) : سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے اپنے سیویک ایکشن پروگرام کے تحت جموں صوبے کے ادھمپور اور رام بن اضلاع کے مختلف اور دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی کیمپ منعقد کر کے سینکڑوں مقامی باشندوں کو طبی سہولیات فراہم کیں۔
پہاڑی ضلع رام بن کے دور دراز گاؤں پلی میں 84 بٹالین سی آر پی ایف نے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا اور منتظمین کے مطابق ’’اس کا مقصد ایسے دیہاتی علاقوں میں طبی سہولیات پہنچانا تھا جہاں طبی خدمات آسانی سے دستیاب نہیں۔‘‘
کیمپ کا افتتاح بٹالین کمانڈنٹ این رنبیر سنگھ نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ وکرم سنگھ، اسسٹنٹ کمانڈنٹ روپ رام مینا، سابق سرپنچ پون سنگھ اور بڑی تعداد میں مقامی افراد موجود تھے۔
سی آر پی ایف کے مطابق طبی کیمپ کے دوران 300 سے زائد افراد کا مفت طبی معائنہ کیا گیا جن میں بزرگ، خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ مریضوں کو طبی مشورے، ای سی جی، خون اور شوگر ٹیسٹ سمیت مختلف تشخیصی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ گاؤں کی ہیلتھ ورکر کو بنیادی ادویات پر مشتمل فرسٹ ایڈ کٹ بھی دی گئی۔
ادھر، ضلع ادھم پور کے راؤن دومیل علاقے میں بھی سی آر پی ایف کی 137 ویں بٹالین نے سیویک ایکشن پروگرام کے تحت ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کر کے مفت طبی معائنہ اور مشاورت حاصل کی۔

ادھمپور ایسٹ کے رکن اسمبلی رنویر سنگھ پٹھانیا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے سی آر پی ایف کی اس عوامی خدمت کو سراہا اور کہا کہ ’’ایسے اقدامات دیہی علاقوں میں صحت سہولیات بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘
مقامی لوگوں نے طبی کیمپ کو مفید اور بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے صحت کیمپ منعقد کیے جاتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:

