ETV Bharat / jammu-and-kashmir
کمپوزٹ ٹینڈرنگ کی سخت مخالفت، ترال میں کمپوزٹ اور لو ٹینڈرنگ کے خلاف ٹھیکیداروں کا احتجاج
لو ٹینڈرنگ کے عمل سے یہ بات صاف ہو جاتی ہے کہ کس طرح ایک پانچ لاکھ کا کام محض ڈیڑھ لاکھ میں مکمل ہوگا۔


Published : August 24, 2026 at 4:10 PM IST
ترال، پلوامہ جموں وکشمیر (شبیر بھٹ): ترال میں مختلف محکموں کے ساتھ منسلک ٹھیکیداروں نے آج دلناگ پارک ترال میں 'کمپوزٹ ٹینڈرنگ' اور 'لو ٹینڈرنگ' کے خلاف ایک خاموش احتجاج کیا اور اپنی بات انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے ترال علاقے میں مختلف تعمیراتی پروجیکٹس منظور ہوئے ہیں، مگر بدقسمتی سے یہ کام چند حریص ٹھیکیداروں کو ملے ہیں جو ان کاموں میں ناقص مٹیریل استعمال کر کے انہیں مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
لو ٹینڈرنگ میں ٹھیکیدار ریت نہیں، مٹی استعمال کرے گا
لو ٹینڈرنگ کے عمل سے یہ بات صاف ہو جاتی ہے کہ کس طرح ایک پانچ لاکھ کا کام محض ڈیڑھ لاکھ میں مکمل ہوگا؛ اس میں یا تو ٹھیکیدار ریت کے بجائے مٹی استعمال کرے گا یا اسی طرح کے دیگر ہتھکنڈے اپنا کر پروجیکٹ مکمل کرے گا، جو کہ ہمارے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔

ٹھیکیدار کی محکموں کے ساتھ ساز باز
ٹھیکیداروں کا کہنا تھا کہ ترال ہمارا اپنا علاقہ ہے اور ہم اس علاقے کو تعمیر و ترقی سے پیچھے رکھنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ احتجاجی ٹھیکیداروں کے بقول، وہ یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کس طرح چند ٹھیکیدار مختلف محکموں کے ساتھ ساز باز کر کے عوام کا پیسہ ضائع کر رہے ہیں۔
کمپوزٹ ٹینڈرنگ کی سخت مخالفت
انہوں نے مزید کہا کہ سرکار کو یہ بات واضح کرنی چاہیے کہ لو ٹینڈرنگ لینے والے یہ ٹھیکیدار کہیں حوالہ کے پیسوں کا کاروبار تو نہیں کرتے؟ واضح رہے کہ ترال ٹاؤن میں بیوٹی فکیشن (آرائش و زیبائش) منصوبے کے لیے سرکار کی جانب سے پونے پانچ کروڑ روپے منظور ہوئے ہیں، لیکن وہ سارا ٹھیکہ ایک ہی فرد کو دے دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے علاقے کے دیگر ٹھیکیدار بالکل بے روزگار ہو گئے ہیں اور وہ اس کمپوزٹ ٹینڈرنگ کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔

