ETV Bharat / jammu-and-kashmir

سرینگر: منریگا معاملے پر کانگریس کا بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف سرینگر میں شدید احتجاج

جے کے پی سی سی کے صدر کرّا نے احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے سرکار کے اس اقدام کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا۔

سرینگر: منریگا معاملے پر کانگریس کا بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف سرینگر میں شدید احتجاج
سرینگر: منریگا معاملے پر کانگریس کا بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف سرینگر میں شدید احتجاج (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : December 21, 2025 at 10:33 PM IST

|

Updated : December 22, 2025 at 4:33 PM IST

5 Min Read
Choose ETV Bharat

سرینگر: (جاوید احمد ڈار) دسمبر جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (JKPCC) نے اتوار کے روز سرینگر میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (MGNREGA) کی جگہ پر نیا قانون بنانے کے خلاف زبردست احتجاج کیا جس میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بی جے پی حکومت کی جانب سے اس قانون سے مہاتما گاندھی کا نام مٹانے کی شدید مذمت کی۔ قابل ذکر ہے کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی منریگا کی جگہ پر متعارف کرائے گئے نئے بل 'وی بی جی رام جی' کو منظوری دے دی ہے۔

سرینگر: منریگا معاملے پر کانگریس کا بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف سرینگر میں شدید احتجاج (ETV Bharat)

جے کے پی سی سی کے صدر طارق حمید کرّا نے سرینگر پارٹی ہیڈکوارٹر سے پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں کی قیادت کرتے ہوئے منریگا کی منسوخی کے بی جے پی–آر ایس ایس اقدام کے خلاف احتجاج کی قیادت کی۔ اس موقعے پر پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان دھکا مکی بھی ہوئی، کیونکہ ایم اے روڈ پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، جنہوں نے کانگریس ہیڈکوارٹر کے داخلی دروازے بند کر دیے اور پارٹی کے ریاستی صدر طارق حمید کرّا سمیت احتجاج کرنے والے کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔


موسلا دھار بارش کے باوجود، اتوار کی صبح جے پی سی سی صدر طارق حمید کرّا کی قیادت میں کانگریس کے سینکڑوں رہنما اور کارکن سری نگر پارٹی دفتر میں جمع ہوئے اور پرامن طور پر ایم اے روڈ کی جانب مارچ شروع کیا تاکہ بی جے پی حکومت کے منریگا کو منسوخی اور اس کی جگہ پر لائے گئے نئے قانون سے گاندھی جی کا نام ہٹانے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرا سکیں، تاہم پولیس اور نیم فوجی دستوں نے کانگریس مارچ کو ایم اے روڈ کی جانب بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔

مزید پڑھیں: منریگا میں ترمیم کے خلاف کانگریس کا شدید احتجاج، شہیدی چوک جموں میں مظاہرہ


آگے سے قیادت کرتے ہوئے طارق حمید کرا نے پولیس کی بلاجواز کارروائی کی مذمت کی اور بی جے پی–آر ایس ایس کے اس اقدام کے خلاف جو ان کے بقول غریب عوام کے روزگار اور جمہوری اداروں کے اختیار کو کمزور کرتا ہے، کانگریس پارٹی کی غیر مفاہمتی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔


اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کرّا نے کہا کہ کانگریس پارٹی مہاتما گاندھی کی عظیم قربانیوں اور قوم کے لیے ان کی خدمات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے منریگا کی منسوخی کے بی جے پی اقدام کو مہاتما کے نام کو قانون سے مٹانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ تو کانگریس اور نہ ہی متحدہ طور پر بھارت کے عوام قبول کریں گے۔ منریگا کو ختم کرنے کے لیے بل متعارف کرانا دیہی آبادی کے روزگار کو چھیننے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقدام ہم ہرگز قبول نہیں کریں گے۔


کرّا نے کہا کہ قانون سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کا فیصلہ گہرے نظریاتی پس منظر کا حامل ہے۔ مہاتما گاندھی محنت کی عزت، سماجی انصاف اور غریب و پسماندہ طبقے کے تئیں قوم کی اخلاقی ذمہ داری کی علامت تھے۔ یہ اقدام بی جے پی–آر ایس ایس کی گاندھی جی کی اقدار کے تئیں دیرینہ بے چینی اور عدم اعتماد کو ظاہر کرتا ہے اور عوام دوست فلاحی قانون سے بابائے قوم کی محبت اور وابستگی مٹانے کی کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت نے منریگا کو بلڈوز کیا، نئے کالے قانون کے خلاف لڑنے کا عہد کیا، سونیا


انہوں نے مزید کہا کہ یہ بل منریگا کے تحت فراہم کردہ قانونی حقِ روزگار کو ختم کرتا ہے۔ اس کی جگہ ایک مرکز کے زیرِ کنٹرول اسکیم لائی جا رہی ہے جس میں نہ روزگار کی قابلِ نفاذ ضمانت ہے، نہ ہمہ گیر کوریج، اور نہ ہی اس بات کی یقین دہانی کراتی ہے کہ ضرورت کے وقت کام فراہم کیا جائے گا۔ حقیقت میں عوام سے روزی روٹی کمانے کا حق چھینا جا رہا ہے۔


کرّا نے کہا کہ منریگا کے تحت اجرتوں کی بنیادی ذمہ داری مرکزی حکومت پر تھی، جس سے یہ ایک حقیقی قومی روزگار ضمانت پروگرام بنتا تھا۔ نیا بل اس ذمہ داری کو واپس لیتا ہے، بوجھ ریاستوں پر منتقل کرتا ہے، فنڈز کی حد مقرر کرتا ہے اور طلب پر مبنی پروگرام کی بنیاد ہی کو کمزور کر دیتا ہے۔ اس سے وفاقیت کو نقصان پہنچتا ہے اور مالی مجبوریوں کے باعث ریاستیں کام کی مانگ دبانے پر مجبور ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کی وراثت پر یہ بی جے پی–آر ایس ایس مشترکہ حملہ ہے جو اس بڑی سازش کو بے نقاب کرتا ہے جس کے تحت حقوق پر مبنی فلاحی نظام کو ختم کر کے مرکز کے زیرِ کنٹرول خیراتی نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:

لوک سبھا میں اپوزیشن کے شدید ہنگامہ کے بیچ منریگا کی جگہ وی بی۔جی رام جی بل منظور

منریگا نام بدلنے کا تنازعہ: گیارہ سالوں میں، مودی حکومت نے کانگریس کی حمایت یافتہ تیس سے ​​زیادہ اسکیموں کا نام کیا تبدیل

"مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کے پیچھے کیا مقصد ہے؟": پرینکا گاندھی نے منریگا پر حکومت پر حملہ کیا

Last Updated : December 22, 2025 at 4:33 PM IST