ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں میں سی پی آئی (ایم) کا وینزویلا پر امریکی جارحیت کے خلاف احتجاج
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے پارٹی کارکنان اورسماجی کارکنوں کے ساتھ وینزویلا کے خلاف امریکی جارحیت اورمداخلت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔


Published : January 6, 2026 at 4:09 PM IST
|Updated : January 6, 2026 at 4:37 PM IST
جموں( محمد اشرف گنائی): کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے سینئر رہنما اور رکنِ اسمبلی ایم وائی تاریگامی کی قیادت میں آج جموں کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں پارٹی کارکنان اور سماجی کارکنوں نے وینزویلا کے خلاف امریکی جارحیت اور مداخلت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے امریکہ کی سامراجی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی اور وینزویلا کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس ملک کی خودمختاری اور خود ارادیت کے حق کی حمایت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکی پابندیوں اور مداخلت کے خلاف نعرے درج تھے۔سی پی آئی (ایم) رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ فوری طور پر وینزویلا پر عائد تمام پابندیاں واپس لے اور وہاں کی عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ احتجاج پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا، جس کے دوران پارٹی قیادت نے عالمی امن، انصاف اور سامراجی مداخلت کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سینئر کمیونسٹ رہنما محمد یوسف تاریگامی نے امریکہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور معاشی پابندیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان کے باعث وہاں کے عوام کو شدید معاشی اور انسانی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:وادی کشمیر شدید سردی کی زد میں، گلمرگ منفی 8.6 ڈگری سیلسیس کے ساتھ سرد ترین مقام رہا
کمیونسٹ رہنما نے مزید کہا کہ کسی بھی خودمختار ملک کے اندرونی معاملات میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت ناقابلِ قبول ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ وینزویلا سمیت تمام ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے۔ تاریگامی نے زور دے کر کہا کہ طاقت کے بل پر حکومتیں بدلنے کی پالیسی دنیا میں عدم استحکام کو فروغ دیتی ہے۔

