ETV Bharat / jammu-and-kashmir
سجاد لون کے اعلان پر وزیراعلی عمر عبد اللہ کا رد عمل، ووٹنگ سے پرہیز کرنے سے بی جے پی کو ہوگا فائدہ
'سجاد صاحب نے ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ہم جانتے ہیں کہ اگر وہ پرہیز کریں گے تو فائدہ کس کو ہوگا'۔

Published : October 14, 2025 at 7:06 PM IST
|Updated : October 14, 2025 at 7:13 PM IST
بارہمولہ، جموں و کشمیر:(کوثر عرافات) وزیر اعلی عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ آئندہ راجیہ سبھا انتخابات میں ووٹنگ سے پرہیز کرنے سے صرف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہی فائدہ ہوگا۔ پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون کے اس اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہ وہ ووٹنگ سے باز رہیں گے، عمر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو نہ ڈالا جانے والا ہر ووٹ بالواسطہ طور پر بی جے پی کو فائدہ پہنچاتا ہے۔
سجاد صاحب نے ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اگر وہ پرہیز کریں گے تو اس کا فائدہ کس کو ہوگا۔ اس الیکشن میں دو فریق ہیں۔اگر کوئی پارٹی این سی کو ووٹ نہیں دیتی ہے تو وہ خود بخود بی جے پی کی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ این سی نے تمام سیاسی جماعتوں بشمول کانگریس، پی ڈی پی، پی سی، اے آئی پی اور آزادوں سے راجیہ سبھا انتخابات میں این سی امیدواروں کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔
این سی اور پی ڈی پی نے اسمبلی انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کیا ہے، لیکن اس بار ہم پی ڈی پی سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر وہ حقیقی طور پر بی جے پی کو ہرانا چاہتے ہیں تو ہمیں ووٹ دیں۔ اس سے قبل سجاد لون نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کو "سب سے کم کارکردگی دکھانے والی انتظامیہ" قرار دیتے ہوئے ووٹنگ سے باز رہنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔
عمر نے کہا کہ این سی نے کانگریس کو ایک راجیہ سبھا سیٹ کی پیشکش بھی کی تھی، جہاں پارٹی کے جیتنے کا بہتر موقع تھا۔پی ڈی پی انڈیا بلاک کا حصہ ہے، اگر کانگریس اپنا امیدوار کھڑا کرتی تو اسے آسانی سے پی ڈی پی کے ووٹ مل جاتے۔"
علاقائی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے عمر نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کا کشمیر پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ تاہم، ہم تمام ممالک کے درمیان پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ این سی جلد ہی بڈگام ضمنی انتخابات کے لئے اپنے امیدوار کا اعلان کرے گی۔ عمر نے بارہمولہ میں ترقیاتی کاموں اور اسکیموں کے نفاذ کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "ایک بار جب ہم اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیں گے، تو ہم لوگوں کو گزشتہ سال کی اپنی کارکردگی سے آگاہ کریں گے۔"

