ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ڈورو میں نئے منصف کورٹ کمپلیکس کا سنگِ بنیاد، تعمیر دو سال میں مکمل کرنے کا اعلان
چیف جسٹس نےکہ عدالتی نظام میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

Published : August 24, 2026 at 5:36 PM IST
اننت ناگ: (دین عمران) ڈورو اننت ناگ میں نئے منصف کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس سنجیو کمار نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے نئے عدالتی کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھا۔
تقریب میں اننت ناگ کے ایڈمنسٹریٹیو جج جسٹس سنجیو دھر، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر رائنہ، مختلف محکموں کے افسران، وکلاء اور دیگر متعلقہ افراد موجود رہے۔ تقریب کے دوران عدالتی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کو بہتر، آسان اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے حوالے سے مختلف امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس جموں و کشمیر ہائی کورٹ جسٹس سنجیو کمار نے کہا کہ ڈورو میں تعمیر ہونے والے نئے منصف کورٹ کمپلیکس کا تعمیراتی کام دو سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ عدالتی کمپلیکس علاقے کے لوگوں اور قانونی برادری کے لیے ایک اہم بنیادی ڈھانچہ ثابت ہوگا۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عدالتی نظام میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے کورٹ کمپلیکس کی تکمیل سے ڈورو اور اس کے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو عدالتی خدمات حاصل کرنے میں مزید سہولت میسر آئے گی۔
تقریب میں موجود وکلاء نے نئے عدالتی کمپلیکس کے قیام کو ڈورو کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید عدالتی بنیادی ڈھانچے سے نہ صرف وکلاء بلکہ عام سائلین کو بھی بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔ نئے منصف کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کو علاقے میں عدالتی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ حکام نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

