ETV Bharat / jammu-and-kashmir
بی ایل اوز انتخابی عمل کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار
چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا اور زمینی سطح پر تعینات انتخابی عہدیداروں سے براہ راست تبادلۂ خیال کیا۔

Published : June 29, 2026 at 10:55 PM IST
بڈگام: (عارف وانی) چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پیر کے روز وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل اوز) سے خطاب کرتے ہوئے انہیں انتخابی عمل کی "ریڑھ کی ہڈی" قرار دیا اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں ان کے اہم کردار کو سراہا۔
چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی عملے کے ساتھ بات چیت کے دوران بی ایل اوز کی محنت، لگن اور ذمہ داری کے احساس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نچلی سطح پر آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرستوں کی درستگی، نئے ووٹروں کے اندراج، انتخابی معلومات کی بروقت فراہمی اور انتخابی عمل میں عوامی شمولیت کو یقینی بنانے میں بی ایل اوز کی خدمات نہایت اہم ہیں۔
یہ بات چیت چیف الیکشن کمشنر کے جموں و کشمیر کے دورے کا حصہ تھی، جس کے دوران انہوں نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا اور زمینی سطح پر تعینات انتخابی عہدیداروں سے براہ راست تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ الیکشن کمیشن ملک بھر میں انتخابی انتظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے انتخابی عملے کے ساتھ مسلسل رابطہ اور صلاحیت سازی کے اقدامات جاری رکھے گا۔

