ETV Bharat / jammu-and-kashmir
مرکزی سرکار جلد جموں و کشمیر میں کراپ انشورنس اسکیم نافذ کرے: بی جے پی کسان مورچہ
بھاجپا کسان مورچہ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ کراپ انشورنس سے قدرتی آفات یا موسمی نقصانات کی صورت میں کسانوں کو مالی تحفظ ملے گا۔

Published : June 6, 2026 at 5:27 PM IST
|Updated : June 6, 2026 at 5:46 PM IST
پلوامہ (سید عادل مشتاق): ضلع پلوامہ میں آج بی جے پی کسان مورچہ کے عہدیداران کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے شرکت کی۔ اس موقعے پر پارٹی کے کارکنان بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران کسانوں نے زراعت سے متعلق اپنے درپیش مسائل اور مشکلات کسان مورچہ کے عہدیداران کے سامنے پیش کیں۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کسان مورچہ کے جنرل سیکرٹری صہیب ایوب نے کہا کہ کسانوں کو کیمیائی کھادوں اور زرعی ادویات کے بے جا استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نامیاتی اور متوازن طریقۂ کاشتکاری کو فروغ دینے سے زمین کی زرخیزی برقرار رہتی ہے اور فصلوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمین کی صحت کا تحفظ نہ صرف بہتر پیداوار کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔
اس موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کسان مورچہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری کے باعث میوہ جات اور دیگر فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو پارٹی نے مرکزی سرکار کے سامنے اٹھایا ہے اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی سرکار جموں و کشمیر میں کراپ انشورنس اسکیم کے نفاذ پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت قدرتی آفات یا موسمی نقصانات کی صورت میں کسانوں کو مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ عہدیدار کے مطابق اس اسکیم کے نافذ ہونے سے کسانوں کو کافی فائدہ پہنچے گا اور ان کے معاشی نقصانات میں کمی آئے گی۔
مزید پڑھیں:
کراپ انشورنس کیلیے جموں کشمیر کے کسانوں کو کرنا پڑے گا مزید انتظار، جلد جاری ہونگے نئے ٹینڈر
فصل بیمہ اسکیم اور اینٹی ہیل نیٹس پر سبسڈی فراہم کی جائے: جاوید احمد
کشمیر کے سیب باغات کی بیمہ کوریج، حکومت نے دو کمپنیوں کا کیا انتخاب

