ETV Bharat / jammu-and-kashmir
عید سادگی اور صفائی کے ساتھ منائیں، قربانی کی آلائشیں سڑکوں پر نہ پھینکیں: مفتی اعظم نصرالاسلام کی اپیل
مفتی اعظم نے کہاکہ قربانی عظیم عبادت ہے اور اس کے تقاضوں کو اسلامی تعلیمات اور سماجی ذمہ داری کے مطابق ادا کیا جانا چاہیے۔

Published : May 26, 2026 at 8:43 AM IST
سرینگر: جموں و کشمیر مفتی اعظم، مفتی ناصر الاسلام نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام سے اپیل کی ہے کہ عید کو سادگی، صفائی اور ذمہ داری کے ساتھ منایا جائے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں، کھالیں اور باقیات سڑکوں یا عوامی مقامات پر نہ پھینکی جائیں۔
سرینگر میں پیر کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اعظم نے کہا کہ قربانی ایک عظیم عبادت ہے اور اس کے تقاضوں کو اسلامی تعلیمات اور سماجی ذمہ داری کے مطابق ادا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی آلائشیں اور کھالیں سڑکوں پر پھینکنا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ اس سے معاشرے اور ماحول پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے عاجزانہ اپیل کی کہ صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور ایسے اقدامات سے مکمل اجتناب کیا جائے جو شہری ماحول کو آلودہ کریں یا دوسروں کے لیے تکلیف کا باعث بنیں۔ مفتی اعظم نصرالاسلام نے کہا کہ عید کا اصل پیغام سادگی، قربانی اور غریبوں کے ساتھ ہمدردی ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ اپنے اردگرد موجود غریب، نادار اور مستحق خاندانوں کی مدد کریں تاکہ عید کی خوشیوں میں سب شریک ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیری کے بعد سیب کی ریل سے ترسیل؟ کشمیری تاجر تذبذب میں
انہوں نے ائمہ، خطباء اور مساجد کے ذمہ داران سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات اور بیانات کے ذریعے عوام کو قربانی کے جانوروں کی کھالوں اور باقیات کی بے حرمتی سے بچنے کی تلقین کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بعض مقامات پر قربانی کی کھالیں اور گوشت سڑکوں پر پھینکے جانے کے واقعات سامنے آئے تھے، جو انتہائی افسوسناک اور شرعی اعتبار سے بھی نامناسب عمل ہے۔

