ETV Bharat / jammu-and-kashmir

’بالی ووڈ کشمیر کو بدنام کر کے پیسہ کما رہا ہے‘: عثمان مجید کا الزام

عثمان مجید نے کہاکہ آئندہ حلقہ بندی عمل میں تمام علاقوں اور برادریوں کو منصفانہ نمائندگی ملنی چاہیے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

’بالی ووڈ کشمیر کو بدنام کر کے پیسہ کما رہا ہے‘: عثمان مجید کا الزام
’بالی ووڈ کشمیر کو بدنام کر کے پیسہ کما رہا ہے‘: عثمان مجید کا الزام (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : June 28, 2026 at 9:53 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

بانڈی پورہ: جموں و کشمیر کے سابق رکن اسمبلی عثمان مجید نے بالی ووڈ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کشمیر کے نام پر ایسی فلمیں بنا رہا ہے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور جن کا مقصد صرف مالی فائدہ اٹھانا اور کشمیری عوام کی منفی شبیہ پیش کرنا ہے۔ اتوار کے روز بانڈی پورہ میں ایک کارکنان کنونشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان مجید نے کہا کہ "دی کشمیر فائلز، دھرندھر اور آنے والی فلم چوہان جیسی فلمیں زمینی حقائق کی عکاسی نہیں کرتیں بلکہ کشمیر کو بدنام کرنے اور تنازعات پیدا کر کے پیسہ کمانے کی کوشش ہیں۔"

انہوں نے الزام لگایا کہ کشمیر کے بارے میں منفی بیانیہ تشکیل دینے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے، جس میں بعض سیاسی جماعتوں کا کردار بھی رہا ہے۔ عثمان مجید نے نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں نے برسوں تک اقتدار میں رہنے کے باوجود جموں و کشمیر کے عوام کے مفادات اور وقار کا مؤثر تحفظ نہیں کیا۔ ان کے مطابق ان حکومتوں کی پالیسیوں نے عوامی امنگوں کو نظر انداز کیا اور جمہوری اداروں کو کمزور کیا۔

عثمان مجید نے کہا کہ آئندہ حلقہ بندی (ڈیلیمیٹیشن) کے عمل میں تمام علاقوں اور برادریوں کو منصفانہ نمائندگی ملنی چاہیے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ روزگار کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے عثمان مجید نے سرکاری محکموں میں آؤٹ سورسنگ اور مبینہ بیک ڈور بھرتیوں پر بھی سخت اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرزِ عمل سے تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کے جائز روزگار کے مواقع متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے حکومت کو شفاف اور میرٹ پر مبنی تقرریوں کو یقینی بنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ترنمول کانگریس کے نام، انتخابی نشان اور تنظیمی شناخت کو لے کر سیاسی کشیدگی میں شدت

انہوں نے بانڈی پورہ کے موجودہ رکن اسمبلی نظام الدین بھٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً دو برس گزرنے کے باوجود وہ عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور انتخابی وعدوں پر خاطر خواہ پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔ عثمان مجید نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا چاہیے اور زمینی سطح پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے تاکہ عوام کا جمہوری نظام پر اعتماد مضبوط ہو۔