ETV Bharat / jammu-and-kashmir
اگر انہدامی کارروائی نہ رکی تو احتجاج کریں گے: شیڈول ٹرائب سیل
جموں میں گجر بکروال طبقے کے ڈھانچوں کی مسماری کے خلاف یو ٹی بھر میں مذمتی بیانات جاری کیے جا رہے ہیں۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : May 22, 2026 at 5:20 PM IST
رامبن (نواز رونیال): حکمران جماعت نیشنل کانفرنس (این سی)کے لیڈر اور ضلع سیکریٹری، شیڈول ٹرائب سیل - رامبن - چودھری بشیر انجم نے جموں میں گجر اور بکروال خاندانوں کے رہائشی ڈھانچوں کی مسماری کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کارروائی کو "جانبدارانہ، افسوسناک اور جموں و کشمیر کے پُرامن ماحول کو خراب کرنے والا عمل" قرار دیا۔
ضلع کشتواڑ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری بشیر انجم نے کہا کہ "موجودہ حکومت جہاں امن، سماجی ہم آہنگی اور تمام طبقات کے لیے انصاف برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے، وہیں انتظامیہ کے بعض عناصر سیاسی دباؤ میں آکر جموں میں بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی)کے تفرقہ انگیز ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے جموں و کشمیر کی تیسری سب سے بڑی آبادی، گجر اور بکروال برادری، کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کرے گی۔"
انہوں نے کہا کہ جموں سے تعلق رکھنے والے ایک بی جے پی ممبر اسمبلی کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات، جن میں غریب قبائلی خاندانوں کو زبردستی بے دخل کرنے کی کھلی دھمکیاں دی گئیں، عوام میں شدید تشویش کا باعث بنے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ رکن اسمبلی خود جے ڈی اے کی زمین پر اسٹون کریشر نصب کرکے کاروبار کر رہا ہے، جبکہ غریب قبائلی خاندانوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
چودھری بشیر انجم نے کہا کہ 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے کے بعد سے درج فہرست قبائل، خصوصاً گجر اور بکروال برادری، کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا : "حکومت انصاف اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، لیکن بدقسمتی سے بعض افسران انسانی اور آئینی اصولوں پر عمل کرنے کے بجائے فرقہ پرست قوتوں کے سیاسی ایجنڈے کو نافذ کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔" انہوں نے خبردار کیا کہ "اگر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو ہم سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔"
یہ بھی پڑھیں:
جموں میں قبائلیوں کے گھروں کی مسماری سے فاریسٹ رائٹس ایکٹ کے نفاذ پر سوالات

