ETV Bharat / jammu-and-kashmir
'رمضان کی آمد کے دوران بازاروں میں اشیاء کی قیمتیں آسمان چھونے لگتی ہیں'
ماہ رمضان کے آمد کی تیاریوں کے دوران بازاروں میں اشیاء کی قیمتیں آسمان چھونے لگتی ہیں

Published : February 17, 2026 at 4:07 PM IST
|Updated : February 17, 2026 at 5:40 PM IST
پلوامہ( سید عادل مشتاق): ماہِ رمضان المبارک کی آمد قریب آتے ہی جہاں مسلمانوں میں روحانی جوش و جذبہ بڑھ جاتا ہے وہیں بازاروں میں خرید و فروخت کی سرگرمیاں بھی عروج پر پہنچ جاتی ہیں۔لوگ بڑی تعداد میں اشیائے خوردونوش، پھل، سبزیاں، گوشت، دودھ اور دیگر ضروری سامان کی خریداری میں مصروف نظر آتے ہیں تاکہ سحری اور افطاری کے انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
تاہم افسوسناک پہلو یہ ہے کہ مقدس مہینے کی برکتوں کے ساتھ ہی بازاروں میں مہنگائی کا طوفان بھی آ جاتا ہے۔ بیشتر دکاندار اور تاجر من مانی قیمتیں وصول کرتے ہوئے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیتے ہیں، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہو جاتا ہے۔ کئی علاقوں میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر ضروری اشیاء کے نرخ آسمان کو چھونے لگے ہیں جبکہ سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:ترال: دودھ کلن گاؤں ترقی سے کوسوں دور، عوام پریشان
عوام کا کہنا ہے کہ ہر سال رمضان سے قبل یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے مگر متعلقہ محکمے مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں سخت چیکنگ مہم چلائی جائے، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقدس مہینے میں لوگوں کو سکھ کی سانس مل سکے اور وہ بلا خوف و پریشانی اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔

