ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کشمیر کی چیری اب ریل کے ذریعے سیدھا مہاراشٹر پہنچے گی، ریلوے نے پہلی خصوصی پارسل سروس روانہ کردی

جموں ریلوے ڈویژن نے 12 ٹن چیری کو پارسل وین میں لوڈ کرکے جموں توی۔باندرہ ٹرمینس ویویک ایکسپریس (ٹرین نمبر 19028) کے ساتھ منسلک کیا۔

کشمیر کی چیری اب ریل کے ذریعے سیدھا مہاراشٹر پہنچے گی، ریلوے نے پہلی خصوصی پارسل سروس روانہ کردی
کشمیر کی چیری اب ریل کے ذریعے سیدھا مہاراشٹر پہنچے گی، ریلوے نے پہلی خصوصی پارسل سروس روانہ کردی (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 26, 2026 at 7:56 AM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں: کشمیر میں پھلوں کے سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی وادی کے باغبانوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی براہِ راست ریل سروس اب پھلوں کی ترسیل میں بھی ’’گیم چینجر‘‘ ثابت ہونے جا رہی ہے۔ ریلوے حکام نے سیزن کی پہلی خصوصی پارسل وین کے ذریعے کشمیر کی تازہ چیری مہاراشٹر روانہ کر دی ہے۔

جموں ریلوے ڈویژن نے 12 ٹن چیری پر مشتمل 966 ڈبوں کو ایک خصوصی پارسل وین میں لوڈ کرکے جموں توی۔باندرہ ٹرمینس ویویک ایکسپریس (ٹرین نمبر 19028) کے ساتھ منسلک کیا۔ یہ ٹرین آج صبح 5 بج کر 45 منٹ پر جموں توی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی اور توقع ہے کہ تقریباً 33 گھنٹوں میں باندرہ ٹرمینس پہنچ جائے گی۔ چیری چونکہ نہایت نازک اور جلد خراب ہونے والا پھل ہے، اس لیے ریلوے نے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ ممبئی اور مہاراشٹر کے عوام تک باغات سے تازہ توڑی گئی چیری کم سے کم وقت میں پہنچ سکے۔

جموں ریلوے ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچِت سنگھل نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے نے چیری کو باغات سے براہِ راست مختلف منڈیوں تک چند گھنٹوں میں پہنچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق چیری جیسے نازک پھل کی فوری ترسیل ایک بڑا چیلنج ضرور ہے، لیکن ریلوے کے پاس اس سیزن میں کافی پارسل وین اور تمام ضروری وسائل موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال چیری کو کشمیر سے سڑک کے ذریعے جموں لایا جا رہا ہے، جہاں سے پارسل وین کے ذریعے مختلف ریاستوں کو بھیجا جاتا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق جموں اور کٹرہ اسٹیشنوں سے مہاراشٹر کے لیے براہِ راست ٹرینیں دستیاب ہیں، اسی لیے تاجروں کی جانب سے زیادہ تر پارسل اِنڈینٹس انہی اسٹیشنوں کے لیے موصول ہو رہے ہیں۔ اچِت سنگھل نے مزید کہا کہ ریلوے کشمیر سے نئی دہلی تک دیگر سامان کی براہِ راست ترسیل کے طریقہ کار کو بھی حتمی شکل دے چکا ہے، تاہم مہاراشٹر کے لیے فی الحال براہِ راست سہولت صرف جموں اور کٹرہ سے دستیاب ہے۔ اس حوالے سے مزید منصوبہ بندی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلمرگ: گنڈولا میں خرابی کے باعث پھنسے سیاح کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا: نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری

ریلوے حکام کے مطابق واپسی کے سفر میں یہی پارسل وین ریلوے محکمہ سے متعلق سامان واپس لے کر آئیں گی۔ اس نئی سہولت سے کشمیر کے پھلوں کے تاجروں اور باغبانوں کو نہ صرف مالی فائدہ ہوگا بلکہ ان کی پیداوار بھی تیزی سے ملک کی بڑی منڈیوں تک پہنچ سکے گی۔