ETV Bharat / jammu-and-kashmir
سرحد پر مشتبہ نقل و حرکت، فوج کی فائرنگ سے دراندازی کی کوشش ناکام
بھمبر گلی کے عمومی علاقے میں مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی، فوری کارروائی کرتے ہوئے اہلکاروں نے دہشت گردوں کی پیش قدمی روک دی۔

Published : March 4, 2026 at 10:37 AM IST
جموں، (محمد اشرف گنائی): سرحدی ضلع راجوری کے لائن آف کنٹرول کے ترکُنڈی فارورڈ پوسٹ علاقے میں بدھ کی علی الصبح مشتبہ نقل و حرکت دیکھے جانے کے بعد فوج نے فائرنگ کی۔ فوجی ذرائع کے مطابق صبح تقریباً 4:30 بجے ایل او سی پر تعینات فوجی اہلکاروں نے باڑ کے قریب چند مشتبہ افراد کو دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔ اس کے بعد فوج نے مشتبہ مقام کی جانب فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں مزید تلاشی کارروائی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم فوجی ترجمان کی طرف سے ابھی تک اس بارے میں سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
In the early hours of March 4, 2026, Army troops detected suspicious movement in the Tarkundi area of Rajouri district at around 3:45 am. Controlled firing followed, with reported firing from across. Security forces launched cordon and search operations. The situation remains… pic.twitter.com/OfIi7sG6O5
— IANS (@ians_india) March 4, 2026
ایک مشتبہ پاکستانی غبارہ برآمد کیا تھا
بتادیں کہ گزشتہ روز بھی راجوری کے علاقے میں مقامی لوگوں نے ایک مشتبہ پاکستانی غبارہ برآمد کیا تھا جسے بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا گیا پولیس اہلکاروں نے غبارے کو تحویل میں لے کر اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
فورسز کی جانب سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی
آئی اے این ایس کے ٹویٹ کے مطابق 4 مارچ 2026 کے اوائل میں، فوج کے دستوں کو راجوری ضلع کے ترکنڈی علاقے میں صبح تقریباً 3:45 بجے مشتبہ نقل و حرکت کا پتہ چلا۔ اس کے بعد کنٹرول فائرنگ ہوئی، جس کے بعد اس پار سے فائرنگ کی اطلاع ملی۔ سکیورٹی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دیں۔ صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔

بھارتی فوج کے وائٹ نائٹ کور کا دعویٰ
بھارتی فوج کے وائٹ نائٹ کور نے لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج کے مطابق بھمبر گلی کے عمومی علاقے میں 4 مارچ کی علی الصبح مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی، جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے اہلکاروں نے مبینہ دہشت گردوں کی پیش قدمی روک دی۔ وائٹ نائٹ کور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خفیہ اطلاعات اور مسلسل نگرانی کے دوران ایل او سی کے قریب کچھ افراد کی نقل و حرکت محسوس کی گئی۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے چوکس دستوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کی۔ جس کے نتیجے میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا اور سرحد پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی نہیں ہونے دی گئی۔

سرحدی ضلع راجوری میں منگل کے روز بھی مشتبہ شے ملی
واضح رہے کہ اس سے قبل سرحدی ضلع راجوری میں منگل کے روز ایک مشتبہ غبارہ برآمد ہونے کے بعد سکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے تھے۔ جموں و کشمیر پولیس کے مطابق ہوائی جہاز کی شکل کا سرخ اور سفید رنگ کا غبارہ گاؤں سرہوتی میں پایا گیا، جو دھرم شالہ پولیس اسٹیشن کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
پی آئی اے کا غبارہ بھی ملا
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ غبارے پر اردو زبان میں پی آئی اے درج تھا۔ مقامی افراد نے مشتبہ شے دیکھتے ہی فوراً پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس پوسٹ تریاتھ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور غبارے کو تحویل میں لے کر مزید جانچ کے لیے متعلقہ شعبے کو بھیج دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ ایک عام غبارہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو خارج کیا جا سکے۔

