ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں ڈویژن میں فوج اور بی ایس ایف کے ذریعے ویلیج ڈیفنس گارڈز کی تربیت، سیکیورٹی مضبوط کرنے پر زور
جموں کے کٹھوعہ، سامبہ، ادھم پور، ریاسی، راجوری، پونچھ، ڈوڈہ اور دیگرحساس اضلاع میں وی ڈی جیز کو مرحلہ وار تربیت دی جا رہی ہے

Published : December 31, 2025 at 3:56 PM IST
جموں: (محمد اشرف گنائی): جموں ڈویژن میں سیکیورٹی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھارتی فوج اور بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ویلیج ڈیفنس گارڈز کی تربیت میں تیزی لائی ہے۔ اس تربیتی مہم کا مقصد سرحدی اور دور افتادہ دیہی علاقوں میں مقامی سطح پر دفاعی صلاحیت کو بڑھانا اور دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنا ہے۔
آرمی ترجمان کے مطابق جموں، کٹھوعہ، سامبہ، ادھم پور، ریاسی، راجوری، پونچھ، ڈوڈہ اور دیگر حساس اضلاع میں وی ڈی جیز کو مرحلہ وار تربیت دی جا رہی ہے۔ تربیتی پروگرام کے دوران رضاکاروں کو ہتھیاروں کے محفوظ استعمال، خود دفاع، نگرانی، مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی اور فوری اطلاع دینے کے طریقوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ فوج اور بی ایس ایف کے ماہرین کی نگرانی میں وی ڈی جیز کو عملی مشقیں کروائی جا رہی ہیں، جن میں خودکار رائفلز چلانے، دفاعی پوزیشن سنبھالنے، بنکر سازی اور ہنگامی صورتحال میں ردِعمل کی تربیت شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویلیج ڈیفنس گارڈز مقامی سطح پر سیکیورٹی فورسز کے لیے پہلی دفاعی لائن ثابت ہو رہے ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق حالیہ مہینوں میں جموں ڈویژن کے بعض علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاعات کے پیش نظر وی ڈی جیز کی تربیت کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: راجوری میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھ کر وی ڈی جی نے گولی چلائی
اسی دوران حال ہی میں ویلیج ڈیفنس گارڈز کو جدید انسـاس (INSAS) آئی این ایس اے ایس رائفلیں فراہم کی گئی ہیں، جنہوں نے پرانی .303 رائفلوں کی جگہ لے لی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جدید ہتھیاروں کی فراہمی سے وی ڈی جیز کی فائر پاور اور آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انساس رائفلوں کے استعمال سے متعلق خصوصی تربیت بھی دی جا رہی ہے تاکہ ہتھیاروں کو محفوظ اور مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔

