ETV Bharat / jammu-and-kashmir

آری گام ترال میں پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو رہا ہے: ممبر اسمبلی ترال

محکمہ جل شکتی کے دورہ آری گام کے بعد مقامی لوگوں کا پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ جلد حل ہونے کی امید بندھ گئی۔

محکمہ جل شکتی اور ایم ایل اے رفیق نائیک کا آری گام ترال کا دورہ
محکمہ جل شکتی اور ایم ایل اے رفیق نائیک کا آری گام ترال کا دورہ (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 23, 2026 at 11:51 AM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

ترال: (شبیر بٹ) 'ہر گھر نل' مشن کے تحت ہر خاندان کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے دعووں کے باوجود، جنوبی کشمیر کے متعدد دیہات آج بھی اس بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ اس سلسلے میں سب ضلع ترال کے آری گام گاؤں کی مثال پیش کی جا سکتی ہے، جہاں جدید دور میں بھی صاف پانی کی فراہمی عوام کے لیے ایک خواب بنی ہوئی ہے۔ اگرچہ حکام نے ماضی میں گاؤں کو پانی فراہم کرنے کے لیے بورویلز پر لاکھوں روپے صرف کیے، تاہم وہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر ناکام ثابت ہوئے۔ اب حکومت اس دیرینہ معاملے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

آری گام ترال میں پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو رہا ہے: ممبر اسمبلی ترال (ETV Bharat)

اس ضمن میں، ممبر اسمبلی (ایم ایل اے) ترال رفیق احمد نایک نے ہفتے کے روز محکمہ جل شکتی کی سپرنٹنڈنگ انجینئر (ایس ای) نازیہ نظیر، ایگزیکٹو انجینئر اونتی پورہ ڈویژن زبیر احمد نقاش اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ آری گام کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے گراؤنڈ واٹر محکمہ کی جانب سے شریف آباد میں کھودے گئے بورویل کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں، انہوں نے آری گام کے دو سے تین مختلف مقامات کا معائنہ کیا تاکہ مقامی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے متبادل راستے تلاش کیے جا سکیں۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے پانی کے بحران کے حل کے لیے انتظامیہ کو مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

دورے کے دوران ایس ای نازیہ نظیر نے آری گام کے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے تمام تر ضروری انتظامات ترجیحی بنیادوں پر کرے گا۔

محکمہ جل شکتی اور ایم ایل اے رفیق نائیک کا آری گام ترال کا دورہ
محکمہ جل شکتی اور ایم ایل اے رفیق نائیک کا آری گام ترال کا دورہ (ETV Bharat)

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممبر اسمبلی ترال رفیق احمد نایک نے کہا کہ وہ سیاسی یا علاقائی تفریق کے بغیر پورے حلقے میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ کے اعلیٰ حکام کے اس مشترکہ دورے کے بعد آری گام کے لوگوں کی پینے کے پانی کی یہ دیرینہ مانگ جلد پوری ہو جائے گی۔

مزید پڑھیں:

پلوامہ میں غیر محفوظ پانی کی فراہمی پر عوام میں تشویش، صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ
ترال: پینے کے پانی سے محروم برنواڈ کے لوگوں کا احتجاج

بانڈی پورہ کے مکینوں کا پانی کی قلت کے خلاف احتجاج، سوپور-بانڈی پورہ روڈ بلاک کیا

معیاری اور محفوظ پینے کا پانی سرکار کا مقصد: ریٹائرڈ جسٹس حسنین مسعودی

گیا: حجاج کرام کے واپسی کے پہلے دن ہی پینے کے پانی کی رہی قلت