ETV Bharat / jammu-and-kashmir
راجوری میں عربی لیکچرر ڈاکٹر منور حسین معطل، عمارت کے ایک حصے میں 'عبادت' پر کارروائی
سرکاری خط کے مطابق عمارت کے ایک حصے میں 'عبادت' کی وجہ سے غلط فہمی پھیلی اور لوگوں کا ہجوم اسکول احاطے میں جمع ہوگیا۔

Published : December 28, 2025 at 12:34 PM IST
جموں: ( محمد اشرف گنائی) جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول چنگس میں پیش آئے ایک واقعے کے بعد عربی لیکچرر ڈاکٹر منور حسین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کی جانب سے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں کو ارسال کی گئی سفارش میں ڈاکٹر منور حسین کو معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
سرکاری خط کے مطابق حال ہی میں ہائر سیکنڈری اسکول چنگس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگ جمع ہو گئے تھے، جس کی وجہ اسکول کی نئی تعمیر شدہ عمارت کی چھت پر بنائے گئے ایک پلیٹ فارم کا 'متنازع استعمال' بتایا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم عبادت کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، جس پر علاقے میں غلط فہمی پھیلی اور لوگوں کا ہجوم اسکول احاطے میں جمع ہو گیا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی اطلاع ضلع کمشنر راجوری کی جانب سے دی گئی، جس کے بعد چیف ایجوکیشن آفیسر نے ضلع ایجوکیشن پلاننگ آفیسر کے ہمراہ اسکول کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ 'مذکورہ پلیٹ فارم کی تعمیر کا حکم عربی لیکچرر ڈاکٹر منور حسین نے دیا تھا، جو کہ ضابطوں کے خلاف اور غیر اخلاقی قرار دیا گیا۔'
حکام کے مطابق اس عمل سے غلط معلومات پھیلیں اور اسکول کا تعلیمی ماحول متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں عوامی احتجاج دیکھنے کو ملا۔ صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر منور حسین کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور انہیں آئندہ احکامات تک چیف ایجوکیشن آفس راجوری میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، ڈپٹی کمشنر راجوری اور جوائنٹ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن راجوری/پونچھ کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔

