ETV Bharat / jammu-and-kashmir

رامبن: سالانہ سروادھار چھڑی یاترا 2026 کو اکھڑال سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا

اس یاترا کو رکن اسمبلی رامبن ارجن سنگھ راجو اور ڈپٹی کمشنر محمد الیاس خان نے اکھڑال سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

ANNUAL POTAR SARVADHAR CHHARI YATRA FLAGGED OFF IN RAMBAN KASHMIR
رامبن: سالانہ سروادھار چھڑی یاترا 2026 کو اکھرال سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : July 5, 2026 at 12:17 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

رامبن: (نواز رونیال) مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کی تحصیل اکھڑال میں آج عقیدت، مذہبی جوش و خروش اور روایتی ثقافتی ماحول میں سالانہ سروادھار چھڑی یاترا (ماتا چمنڈا دیوی) کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس یاترا کو رکن اسمبلی رامبن ایڈوکیٹ ارجن سنگھ راجو اور ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈپٹی کمشنر) رامبن، محمد الیاس خان نے اکھڑال سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

رامبن: سالانہ سروادھار چھڑی یاترا 2026 کو اکھڑال سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا (ETV Bharat)

اس موقعے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ورنجیت چاڑک، سب ڈویژنل مجسٹریٹ رامسو محمد مظاہر، ضلع پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، مختلف محکموں کے نمائندگان، مقامی معززین اور بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔

ہزاروں یاتری مذہبی عقیدت کے ساتھ اس سالانہ یاترا میں شریک ہوئے۔ یاترا اکھڑال اور سنابھٹی سے اپنے روایتی راستوں پر روانہ ہو کر پوگل-پرستان کے پہاڑی علاقے میں واقع مقدس سروادھار چوٹی پر قائم قدیم ماتا چمنڈا دیوی مندر تک پہنچے گی، جہاں خصوصی مذہبی رسومات، پوجا اور دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

اس موقعے پر ڈپٹی کمشنر محمد الیاس خان نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح یاتریوں کی سلامتی، سہولت اور کامیاب یاترا کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کے اشتراک سے جامع انتظامات کیے ہیں تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ضلع انتظامیہ کی جانب سے یاترا کے پورے راستے پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جب کہ طبی امداد کے لیے میڈیکل ٹیمیں، ایمبولینس خدمات، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کے انتظامات بھی عمل میں لائے گئے ہیں تاکہ یاترا پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہو۔

رکن اسمبلی ایڈوکیٹ ارجن سنگھ راجو نے اس موقعے پر کہا کہ سروادھار چھڑی یاترا نہ صرف ایک اہم مذہبی روایت ہے بلکہ ضلع رامبن کی ثقافتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور مشترکہ ورثے کی بھی علامت ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور مقامی لوگوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یاترا بخیر و عافیت مکمل ہوگی۔

واضح رہے کہ سالانہ سروادھار چھڑی یاترا ضلع رامبن کی قدیم مذہبی روایات میں شمار ہوتی ہے، جس میں جموں و کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں سے عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔ یہ یاترا مذہبی عقیدت کے ساتھ ساتھ علاقے کی ثقافتی شناخت، سیاحت اور مقامی معیشت کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔