ETV Bharat / jammu-and-kashmir
اننت ناگ پولیس کی منشیات مخالف مہم میں شدت: چھ ماہ کے دوران 345 مقدمات درج، 372 منشیات فروش گرفتار
پولیس کے مطابق جنوری سے جون 2026 تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 345 مقدمات درج کرکے 372 منشیات فروشوں کو گرفتار کیاگیا۔


Published : July 1, 2026 at 2:04 PM IST
اننت ناگ (میر اشفاق) منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کے کاروبار کے خلاف جاری سخت مہم کے تحت اننت ناگ پولیس نے سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اپنی کارکردگی کو نمایاں کیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں سینکڑوں مقدمات درج کیے گئے، بڑی مقدار میں منشیات ضبط کی گئیں، منشیات فروشوں کی جائیدادیں ضبط و منہدم کی گئیں اور مختلف سطحوں پر سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
پولیس کے مطابق جنوری سے جون 2026 تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 345 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 372 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس دوران مختلف کارروائیوں میں 440 کلوگرام سے زائد نشہ آور اشیاء برآمد کی گئیں اور منشیات فروشوں سے 27 لاکھ 52 ہزار 976 روپے نقد بھی ضبط کیے گئے۔ بیان کے مطابق منشیات کے ذریعے حاصل کی گئی آمدنی سے منسلک تقریباً 50 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں 30 مقدمات میں ضبط کی گئیں، جبکہ 20 کروڑ روپے مالیت کی 20 غیر قانونی جائیدادوں کو منہدم کیا گیا۔
اننت ناگ پولیس نے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد 2,000 کلوگرام نشہ آور اشیاء کو تلف کیا، جبکہ 260 مرلہ اراضی پر کی جانے والی غیر قانونی منشیات کی کاشت بھی تباہ کر دی گئی۔ اس کے علاوہ منشیات فروشوں کے قبضے سے 260 مرلہ سرکاری اراضی بھی بازیاب کرائی گئی۔ خصوصی کارروائیوں کے دوران متعدد خواتین منشیات فروشوں اور سات خواتین کاشتکاروں کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح سات سرکاری ملازمین بھی منشیات سے متعلق مقدمات میں ملوث پائے گئے جن کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس نے چھ منشیات فروشوں کو پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت نظر بند کیا، جبکہ منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کے 24 ڈرائیونگ لائسنس اور 16 رجسٹریشن سرٹیفکیٹس بھی منسوخ کیے گئے۔ منشیات کی نقل و حمل اور سپلائی پر قابو پانے کے لیے ضلع بھر میں 203 نارکو کیسو انجام دیے گئے۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اشتراک سے 214 میڈیکل اسٹورز کا معائنہ کیا گیا، جن میں 17 خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن پر قانونی کارروائی شروع کی گئی۔
تحقیقات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے این ڈی پی ایس مقدمات کی تفتیش کرنے والے 96 تحقیقاتی افسران کو ڈسٹرکٹ پولیس آفس (ڈی پی او) اننت ناگ میں قانونی طریقہ کار اور شواہد کو موثر انداز میں سنبھالنے سے متعلق خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی۔

