ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کشمیر میں جی پی ایس اینکلیٹ کی مدد سے ضمانت شدہ منشیات فروشوں کی نگرانی شروع

جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ڈرگ مافیا پر نظر رکھنے کیلئے جی پی ایس اینکلیٹ متعارف کروایا گیا۔

کشمیر میں جی پی ایس اینکلیٹ کی مدد سے ضمانت شدہ منشیات فروشوں کی نگرانی شروع
کشمیر میں جی پی ایس اینکلیٹ کی مدد سے ضمانت شدہ منشیات فروشوں کی نگرانی شروع (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 6, 2026 at 2:28 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ (اشفاق میر): اننت ناگ پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ضلع اننت ناگ کے ذالڈورہ ڈورو علاقہ سے تعلق رکھنے والے فیاض احمد ڈار ولد غلام محی الدین ڈار نام کے ملزم کو جی پی ایس اینکلیٹ پہنایا ہے۔ ملزم کو عدالت سے ضمانت ملی ہوئی ہے اور یہ اقدام عدالت کی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ ملزم کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا سکے اور وہ ضمانت کی شرائط کی مکمل پابندی کرے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم ایک این ڈی پی ایس کیس میں ملوث ہے جو پولیس اسٹیشن ڈورو میں درج ہے۔ جی پی ایس اینکلیٹ ایک جدید الیکٹرانک ڈیوائس ہے جو ٹخنے پر باندھی جاتی ہے اور اس کے ذریعے ملزم کی لوکیشن کو حقیقی وقت میں ٹریک کیا جا سکتا ہے۔

اننت ناگ پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف منشیات فروشوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے گی بلکہ قانون کی پاسداری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد معاشرے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنا اور عدالتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ ٹریکنگ اینکلیٹ ڈیوائس کو جموں و کشمیر میں سنہ 2023 میں شروعات کی گئی تھی تاہم اسے اُوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) اور دہشت گردی کے الزامات میں ملوث اُن افراد کی نگرانی کے لیے جو ضمانت پر رہا ہیں، جی پی ایس سے لیس اینکلیٹ (ٹخنے پر پہننے والی ڈیوائس) متعارف کرائی گئی تھی۔ اس اقدام کا مقصد ضمانت کی شرائط جیسے نقل و حرکت کی پابندی اور کرفیو پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانا اور جیلوں پر بوجھ کم کرنا ہے۔

لیکن ڈرگس کے خلاف حکومت کا سخت قدم اٹھانے کے بعد اب اس ڈیوائس کا استعمال منشیات کے کیسز میں ملوث ضمانت پر رہا ہونے والے افراد کے خلاف بھی استعمال میں لایا جارہا ہے، جس سے یہ یقینی طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ سرکار نے دہشت گردی جیسے معاملات کی طرح ڈرگ مافیا کے خلاف اپنا سخت موقف اختیار کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ جدید ڈیوائس ملزم کے ٹخنے پر لگائی جاتی ہے اور اس کے ذریعے اس کی نقل و حرکت کو حقیقی وقت میں مانیٹر کیا جاتا ہے۔ یہ اینکلیٹ ٹیمپر پروف ہوتی ہے، یعنی اسے اتارنے یا نقصان پہنچانے کی صورت میں فوری الارم متحرک ہو جاتا ہے، جبکہ جیو فینسنگ کے ذریعے مخصوص علاقوں میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: اکسکلوسیو انٹرویو: سونم وانگچک نے لداخ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، کہا۔۔ "حکومت دل کے درد کے لیے سر درد کی دوا دے رہی ہے"


اس ٹیکنالوجی کا استعمال، امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک میں پہلے سے رائج ہے، اسے جدید پولیسنگ کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر مانا جاتا ہے، عدالتوں نے مخصوص معاملات میں سیکیورٹی اور قانون کی عملداری کے پیش نظر اس کی اجازت دی ہے۔