ETV Bharat / jammu-and-kashmir

اننت ناگ ماسٹر پلان کا خیر مقدم، وسیع عوامی مشاورت جاری، جائزہ مدت بڑھانے کا مطالبہ

بالآخر 2025 میں اب یہ ڈرافٹ پلان تیار کیا گیا ہے اور اسے آوٹ سورس کیا گیا۔

اننت ناگ ماسٹر پلان کا خیر مقدم، وسیع عوامی مشاورت جاری ،جائزہ مدت بڑھانے کا مطالبہ
اننت ناگ ماسٹر پلان کا خیر مقدم، وسیع عوامی مشاورت جاری ،جائزہ مدت بڑھانے کا مطالبہ (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : December 27, 2025 at 5:36 PM IST

7 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ(میر اشفاق): بجبہاڑہ اور مٹن کے لیے جاری کیے گئے، ڈرافٹ ماسٹر پلان کا مختلف حلقوں کی جانب سے خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ تاجر برادری نے اگرچہ اس منصوبے کو ایک مثبت اور دیرینہ ضرورت قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے ڈرافٹ کو عوامی جائزے کے لئے مقرر کئے گئے وقت میں توسیع کی جائے۔

آل ٹریڈرس اینڈ مینوفکچرس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سجاد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ عوامی ڈومین میں صرف 60 دن کی مدت اس قدر وسیع اور تکنیکی منصوبے کے لیے ناکافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس مدت میں مزید توسیع کی جائے تاکہ عام عوام مختلف اسٹیک ہولڈرز، تاجر طبقہ اور دیگر متعلقہ فریقین اس منصوبے کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور اپنی تجاویز و اعتراضات مؤثر انداز میں پیش کر سکیں۔



ریٹائرڈ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اور معروف سماجی کارکن طارق احمد ویری نے بھی ڈرافٹ ماسٹر پلان کو عوام کی دیرینہ مانگ قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کے اس اقدام کو قابلِ ستائش کہا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ منصوبہ تاخیر سے سامنے آیا ہے، لیکن اس کے باوجود یہ ایک بڑا اور خوش آئند قدم ہے جو اننت ناگ ضلع کی منظم ترقی کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔

اننت ناگ ماسٹر پلان کا خیر مقدم، وسیع عوامی مشاورت جاری، جائزہ مدت بڑھانے کا مطالبہ (ETV Bharat)


طارق احمد ویری نے بتایا کہ اس سلسلے میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول اسٹیک ہولڈرز، تاجر انجمنیں، سول سوسائٹی، اور ماہرین جن میں ریٹائرڈ انجینئرز اور دیگر تکنیکی ماہرین شامل ہیں، مرحلہ وار مشاورت اور تبادلہ خیال میں مصروف ہیں، تاکہ ایک منظم طریقے سے اپنی آراء اور اعتراضات مرتب کر کے پیش کیے جا سکیں۔


انہوں نے کہا کہ جہاں تک ڈرافٹ ماسٹر پلان کا تعلق ہے، اسے ایک منظم اور سائنسی بنیادوں پر تیار کیا گیا ہے، جس میں پلاننگ ڈپارٹمنٹ نے مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھا ہے۔ خاص طور پر اراضی کے استعمال (لینڈ یُوز) کے حوالے سے ایک مضبوط اور متوازن پروپوزل تیار کیا گیا ہے، جو کسی بھی ماسٹر پلان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔


طارق احمد ویری نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے اننت ناگ ضلع کئی دہائیوں سے ماسٹر پلان سے محروم رہا، جس کے باعث ضلع کی مجموعی ترقی میں کئی رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔ تاہم اب جو ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے، وہ ایک مؤثر دستاویز ہے جو مستقبل میں ضلع کی شہری، معاشی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔


انہوں نے منسلک دیہات کے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انہیں گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ اس منصوبے میں زرعی اراضی کے تحفظ کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دیہات مستقبل میں شہری حدود میں ضم ہوں گے، وہاں بھی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور منصوبہ بند ترقی کے ذریعے عوامی سہولیات میں بہتری آئے گی۔


مجموعی طور پر مختلف حلقوں کا ماننا ہے کہ اگر عوامی مشاورت کے عمل کو مزید وقت اور وسعت دی جائے تو یہ ماسٹر پلان اننت ناگ اور ملحقہ علاقوں کے لیے ایک مضبوط، پائیدار اور عوام دوست ترقیاتی دستاویز ثابت ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اننت ناگ اور اس سے ملحقہ تاریخی قصبوں بجبہاڑہ اور مٹن کے لیے طویل عرصے سے التواء کا شکار ڈرافٹ ماسٹر پلان کو عوامی جائزے کے لیے جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عوام اور متعلقہ فریقین کو 60 دن کے اندر اپنی تجاویز یا اعتراضات پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن کشمیر(ٹی پی او کے) کی جانب سے تیار کردہ یہ جی آئی ایس پر مبنی ماسٹر پلان اور لینڈ یوز پلان 2044 تیزی سے بڑھتے ہوئے اس شہری کلسٹر کے لیے زوننگ ضوابط، بنیادی ڈھانچے کی ترجیحات،ماحولیاتی تحفظات اور ترقیاتی رہنما اصولوں کا خاکہ پیش کرتا ہے۔حال ہی میں یہ ڈرافٹ اننت ناگ ضلع کی سرکاری ویب سائٹ پر عوامی جانچ کے لیے اپ لوڈ کیا گیا ہے۔


ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کی جانب سے جاری عوامی نوٹس کے مطابق اس منصوبے میں 'لینڈ یوز، زوننگ، بنیادی ڈھانچے، بفر اور متعلقہ اقدامات تجویز کیے گئے ہیں ۔
نوٹس میں کہا گیا ہے، شفافیت اور عوامی شمولیت کے مفاد میں، اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ منصوبہ مقامی ضروریات کے مطابق ہو، ہم اشاعت کے 60 دن کے اندر آراء اور اعتراضات طلب کر رہے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ تجاویز ضلع کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن سجیشن باکس کے ذریعے، ای میل پر، یا نوٹس میں فراہم کردہ لنک کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔


جواب دہندگان کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنا نام، رابطہ تفصیلات اور منصوبے کے اُس مخصوص حصے کا ذکر کریں، جس سے وہ متعلقہ ہیں۔ڈرافٹ پلان کی اشاعت اننت ناگ کے لیے ایک منظم ترقیاتی روڈ میپ تیار کرنے کی تقریباً ایک دہائی طویل کوشش کے اختتام کے قریب ہونے کی نشاندہی کرتی ہے، جو کشمیر کا سب سے بڑا قصبہ ہے۔

سنہ 2014 میں تیار کیا گیا ایک ابتدائی ڈرافٹ منصوبہ بندی کے معیارات پر پورا نہ اترنے کے باعث مسترد کر دیا گیا تھا، جبکہ سنہ 2017 میں بھی کوشش کی گئی لیکن وہ بھی ناکام ہوئی۔سنہ 2020 میں، اٹل مشن فار ریجوینیشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن اسکیم کے تحت ایک فرم کو اس منصوبہ کے لئے مقرر کیا گیا تھا، تاہم فنڈز کی کمی کے باعث یہ عمل رک گیا۔

بالآخر 2025 میں اب یہ ڈرافٹ پلان تیار کیا گیا ہے اور اسے آوٹ سورس کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ماسٹر پلان کی عدم موجودگی کے باعث اننت ناگ میں بے قابو شہری پھیلاؤ ہوا، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی بھیڑ، تجاوزات اور کھلی جگہوں کی کمی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں ملازمتوں کے فاسٹ ٹریک بھرتی کے اشتہار سے اوپن میرٹ امیدواروں میں مایوسی

تقریباً 1,250 افراد فی مربع کلومیٹر کی آبادی کی کثافت کے ساتھ، اننت ناگ کشمیر کے گنجان آباد ترین قصبوں میں شامل ہے۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ 60 روزہ جائزہ مدت کے دوران موصول ہونے والے تمام اعتراضات اور تجاویز کا جائزہ جموں و کشمیر ڈیولپمنٹ ایکٹ 1970 اور ڈیولپمنٹ اتھارٹی رولز 1976 کے تحت لیا جائے گا۔ اگر مزید مشاورت یا عوامی سماعتوں کی ضرورت پیش آئی تو اس کا اعلان علیحدہ سے کیا جائے گا۔