ETV Bharat / jammu-and-kashmir
برفباری سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ فعال و تیار: ڈویژنل کمشنر کشمیر
ڈویژنل کمشنر کا کہنا ہے کہ کشمیر بھر میں ضلع سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں جو چوبیسوں گھنٹے فعال رہیں گے۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : December 30, 2025 at 6:45 PM IST
سرینگر(جاوید ڈار) : ڈویژنل کمشنر، کشمیر، انشول گرگ کا کہنا ہے کہ متوقع موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے پوری طرح سے تیار ہیں۔ سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گرگ نے کہا کہ ’’محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسمی ایڈوائزری کے پیش نظرکشمیر بھر میں سبھی محکمہ جات الرٹ پر رکھے گئے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ آج شام سے کل تک حکومت کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے تاہم انہوں نے عوام سے بھی ہوشیار رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا ’’برفباری کا موسم خطے کے لیے مثبت نوید کا اشارہ ہے، خاص کر سیاحت کے شعبے کے لیے برفباری کو ایک نیک شگون قرار دیا جا رہا ہے۔‘‘
گرگ نے مزید بتایا کہ سیاحوں کی آمد میں گزشتہ ہفتے کی برفباری کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’گزشتہ ہفتے کی برفباری کے مقابلے میں اس وقت وادی میں سیاحوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو کافی خوش آئند ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے انتظامی تیاریوں کے حوالہ سے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ڈویژنل سطح پر انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔‘‘
صوبائی کمشنر کے مطابق ہنگامی صورتحال کے دوران حکومتی مدد طلب کرنے کے لیے خصوصی ہیلپ لائن نمبرز کو بھی شیئر کیا گیا ہے۔ گرگ نے کہا کہ متعدد ایجنسیز بشمول پی ڈبلیو ڈی، بیکن، نیشنل ہائی ویز، پی ایم جی ایس وائی، سرینگر میونسپل کارپوریشن اور دیگر شہری و بلدیاتی ادارے پہلے ہی سڑکوں پر سے برف ہٹانے کے لیے مشینری اور عملہ کو فعال اور تعینات کر چکے ہیں۔
ضروری اشیائے خوردونوش کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ’’سرحدی علاقوں میں مکمل ذخیرہ موجود ہے اور فوڈ اینڈ سول سپلائیز محکمہ نے 30 نومبر تک تمام دور دراز اور سرحدی علاقوں میں راشن کی ڈمپنگ مکمل کر لی تھی۔‘‘
یہ بھی پڑھیں:

