ETV Bharat / jammu-and-kashmir
امرناتھ یاترا: جگجیت سنگھ کی مفت خدمت، محبت اور بھائی چارے کا منفرد پیغام
جگجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ کسی بھی یاتری کو کسی چیز کی ضرورت ہو تو وہ انکی مفت خدمت کےلئے پیش پیش رہیں گے۔


Published : July 7, 2026 at 9:05 PM IST
اننت ناگ: امرناتھ یاترا کے دوران ایک بار پھر وادیٔ کشمیر، بالخصوص پہلگام، مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور انسان دوستی کی خوبصورت مثال پیش کر رہا ہے۔ یاترا کے آغاز کے ساتھ ہی سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے جگجیت سنگھ نامی ایک شخص ہر برس یاتریوں کا استقبال کرتے ہیں اور ان کو ٹھنڈے مشروبات مفت فراہم کرتے ہیں جس میں ان کی مدد مقامی مسلمان بھی کر رہے ہیں۔
جگجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ کسی بھی یاتری کو کسی چیز کی ضرورت ہو تو وہ ان کی مفت خدمت کرنے کے لئے پیش پیش رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ خدمت محض ایک روایت نہیں بلکہ کشمیر کی صدیوں پرانی مشترکہ تہذیب، مہمان نوازی اور باہمی احترام کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ یاتری ہمارے مہمان ہیں اور یاتریوں کی خدمت کرنا صدیوں پرانی روایت ہے جو ہمیشہ برقرار رہے گی اور یاتریوں کی خدمت ان کے لئے باعث فخر ہے۔
یاتریوں نے جگجیت سنگھ کی محبت، خلوص اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس گرمجوش استقبال نے ان کے سفر کو مزید یادگار بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک دوسرے کی خدمت کرتے دیکھ کر محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دنیا بھر میں پہنچتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 2020 دہلی فسادات: ہائی کورٹ کا یو اے پی اے کیس میں اطہر خان کو ضمانت دینے سے انکار
امرناتھ یاترا کے دوران سامنے آنے والے ایسے مناظر اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ کشمیر کی شناخت صرف قدرتی حسن ہی نہیں بلکہ اس کی گنگا جمنی تہذیب، مذہبی رواداری اور انسانیت نوازی بھی ہے، جہاں مختلف مذاہب کے لوگ باہمی احترام اور محبت کے جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے امن و آشتی کی مثال قائم کرتے ہیں۔

