ETV Bharat / jammu-and-kashmir
امرناتھ یاترا 2026: صرف نامزد افسران ہی میڈیا کو سرکاری معلومات فراہم کریں گے
ٹریفک حکام نے مسافروں کو روزانہ جاری ہونے والی ٹریفک ایڈوائزری سے آگاہ رہنے کی ہدایت دی ہے۔

Published : June 30, 2026 at 7:28 PM IST
جموں: (محمد اشرف گنائی) شری امرناتھ یاترا 2026 کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے یاترا کے دوران ٹریفک کی روانی سیکورٹی انتظامات اور معلومات کی مستند ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق،2 جولائی کو جموں سے روانہ ہونے والے یاتریوں کے پہلے قافلے کے پیش نظر یکم جولائی کی شام 7 بجے کے بعد قاضی گنڈ سے جموں اور جکھینی سے سرینگر کی جانب ہیوی موٹر وہیکلز کی نقل و حرکت پر پابندی رہے گی جبکہ لائٹ موٹر وہیکلز کو رات 11 بجے تک سفر کی اجازت ہوگی ۔
دو جولائی کو یاترا قافلے کی روانگی کے بعد ناگروٹہ سے ادھم پور اور قاضی گنڈ سے جموں کی جانب ہلکی گاڑیوں،نجی کاروں اور پبلک سروس گاڑیوں کو یاترا قافلے کے گزرنے کے بعد مرحلہ وار روانہ ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ ٹریفک حکام نے مسافروں کو روزانہ جاری ہونے والی ٹریفک ایڈوائزری سے آگاہ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اس اڈوائزری کے مطابق، ہیوی موٹر وہیکلز کو یاترا کے دوران متبادل دنوں میں ہی چلنے کی اجازت ہوگی اور شام 7 بجے کے بعد قاضی گنڈ یا جکھینی سے کسی بھی ہیوی گاڑی کو روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تازہ پھل، سبزیاں، دودھ، دیگر جلد خراب ہونے والی اشیا اور مویشی لے جانے والے ٹرانسپورٹرز کو بھی اپنی لوڈنگ اسی حساب سے کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ ٹریفک پولیس نے مزید کہا ہے کہ کٹ آف وقت کے بعد جموں و کشمیر کے اندر ضلعی سطح پر مقامی آمدورفت صرف درست فوٹو شناختی کارڈ کی جانچ کے بعد ہی ممکن ہوگی، لہٰذا تمام شہری یاترا کے دوران اپنے شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں۔
وہیں دوسری جانب جموں و کشمیر حکومت نے یاترا سے متعلق مستند معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صرف نامزد سینئر افسران کو میڈیا سے بات چیت اور سرکاری بریفنگ دینے کا اختیار دیا ہے۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق،کشمیر ڈویژن میں ڈویژنل کمشنر کشمیر اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر جبکہ جموں ڈویژن میں ڈویژنل کمشنر جموں اور انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں ہی یاترا سے متعلق سرکاری معلومات میڈیا اور عوام تک پہنچائیں گے۔
اس جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد یاترا کے دوران صرف مستند، تصدیق شدہ اور سرکاری معلومات کی تشہیر کو یقینی بنانا اور افواہوں یا گمراہ کن اطلاعات کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ مزید ہدایت دی گئی ہے کہ نامزد افسران تمام سرکاری بریفنگ اور اپ ڈیٹس جاری کرتے وقت محکمہ اطلاعات جموں و کشمیر اور شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔

