ETV Bharat / jammu-and-kashmir
امرناتھ یاترا 2026: کل جموں سے پہلے قافلے کو روانہ کریں گے لیفٹیننٹ گورنر، 3 جولائی سے یاترا کا باقاعدہ آغاز
ملک کےمختلف حصوں سے ہزاروں عقیدت مند پہلےہی جموں پہنچ چکے ہیں۔ ان کی رہائش اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیا جا چکا ہے۔

Published : July 1, 2026 at 4:15 PM IST
|Updated : July 1, 2026 at 4:30 PM IST
جموں: (محمد اشرف گنائی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا 2 جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے شری امرناتھ یاترا 2026 کے پہلے قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس کے بعد یاتری سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان کشمیر وادی کی جانب روانہ ہوں گے جبکہ امرناتھ گپھا کی یاترا کا باقاعدہ آغاز 3 جولائی سے بالٹال اور ننون کے بیس کیمپوں سے ہوگا۔
اس یاترا کے آغاز سے قبل جموں شہر مکمل طور پر یاتریوں کے استقبال کے لیے تیار ہو چکا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں عقیدت مند پہلے ہی جموں پہنچ چکے ہیں۔ ان کی رہائش، رجسٹریشن، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
اس کے علاوہ جموں-سرینگر قومی شاہراہ اور یاترا کے دونوں راستوں پر سکیورٹی کے سخت اور کثیر سطحی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ یاترا کے آغاز سے ایک روز قبل لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جموں کے تاوی ریور فرنٹ پر منعقد ہونے والی تاوی آرتی میں بھی شرکت کریں گے، جسے شری امرناتھ یاترا کی روحانی ابتدا کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
شری امرناتھ یاترا ہندو مذہب کی قدیم ترین میں شمار ہوتی ہے۔ جموں و کشمیر کے ہمالیائی سلسلے میں تقریباً 3,888 میٹر (12,756 فٹ) کی بلندی پر واقع گپھا اپنے قدرتی برفانی شیو لنگ کے لیے مشہور ہے۔ ہندو روایات کے مطابق،بھگوان شیو نے اسی غار میں دیوی پاروتی کو امرت کا راز(امر کتھا)سنایا تھا روایت کے مطابق، مکمل رازداری برقرار رکھنے کے لیے بھگوان شیو نے غار میں داخل ہونے سے قبل اپنے تمام ساتھیوں،جن میں نندی بیل، چاند، سانپ اور بھگوان گنیش شامل تھے، کو مختلف مقامات پر چھوڑ دیا تھا۔

