ETV Bharat / jammu-and-kashmir

ریاستی درجہ بحال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا ضروری: عبدالغنی وکیل

عبدالغنی وکیل نے عمر عبداللہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ حکومت ہے جو اقتدار میں برقرار رہنے کو ترجیح دیتی ہے۔

ریاستی درجہ بحال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا ضروری: عبدالغنی وکیل
ریاستی درجہ بحال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا ضروری: عبدالغنی وکیل (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : September 2, 2026 at 6:47 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

بارہمولہ (کوثر عرفات): جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالغنی وکیل نے کہا ہے کہ ریاستی درجہ کی بحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تمام سیاسی جماعتیں ایک ساتھ بیٹھ کر آل پارٹیز میٹنگ نہیں کرتیں، ریاستی درجہ بحال کرانے کی کوششیں مؤثر ثابت نہیں ہوں گی۔ عبدالغنی وکیل نے نیشنل کانفرنس پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کے درمیان ایک ’’خفیہ سمجھوتہ‘‘ ہے اور نیشنل کانفرنس کی خواہش ہے کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ جتنی دیر سے بحال ہو، اتنا ہی بہتر ہے۔

ریاستی درجہ بحال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا ضروری: عبدالغنی وکیل (ETV Bharat)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران نیشنل کانفرنس نے مختلف مسائل کو اٹھایا، تاہم وہ اپنے مطالبات اور وعدوں کی تکمیل میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ ان کے مطابق موجودہ احتجاج بھی کسی واضح نتیجے کے بغیر ہے اور اس کا عوام کو کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ پیپلز کانفرنس رہنما نے الزام لگایا کہ نیشنل کانفرنس ایک مرتبہ پھر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت قائم ہوئی ہے، حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور عوامی مشکلات میں کمی کے بجائے روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

عبدالغنی وکیل نے عمر عبداللہ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی حکومت ہے جو اقتدار میں برقرار رہنے کو ترجیح دیتی ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اس کے پاس کوئی واضح منصوبہ نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور سیاسی بیانات کے ذریعے عوام کو اصل مسائل سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دفعہ 370 کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو دفعہ 370 ختم کرنے کے بجائے جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کا ’’محاسبہ‘‘ کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: سرینگر میں نیشنل کانفرنس کا ریاستی درجہ کے لیے تو بی جے پی کا عمر حکومت کی ناکامیوں کے خلاف احتجاج

عبدالغنی وکیل نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو دفعہ 370 اور ریاستی درجہ بحال کرنے کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ ملک کی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق مذاکرات اور مشترکہ سیاسی جدوجہد کے ذریعے ہی کوئی مثبت نتیجہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں محض ٹکراؤ کی سیاست سے جموں و کشمیر کو کچھ حاصل نہیں ہوا اور مستقبل میں بھی صرف تصادم کی پالیسی سے کسی کامیابی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔