ETV Bharat / jammu-and-kashmir
سری نگر میں 15 اگست کی تقریب کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی
سری نگرمیں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئےگرگ نےکہا کہ 15 اگست کی تقریب کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے

Published : August 13, 2026 at 5:55 PM IST
سری نگر (جاوید ڈار): مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر سرینگر میں آج ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے وادی کشمیر کے عوام کو سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت اور جوش و خروش کے ساتھ اس قومی دن کو منانے کی اپیل کی۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے گرگ نے کہا کہ 15 اگست کی تقریب کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ پریڈ دستے، اسکولی بچے اور مختلف محکمے ریہرسل میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں کشمیر کے تمام لوگوں اور سری نگر کے شہریوں کو یومِ آزادی کی پیشگی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ میں سب کو دعوت دیتا ہوں کہ 15 اگست کو بخشی اسٹیڈیم آئیں اور اس قومی تقریب کا حصہ بنیں۔‘
انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے متعلقہ اضلاع یا علاقائی ہیڈکوارٹرز میں یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کرسکتے ہیں، جبکہ بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی سطح کی تقریب میں شرکت کے خواہشمند افراد کا خیرمقدم ہے۔ گرگ نے کہا، ’’میری آپ سب سے اپیل ہے کہ 15 اگست کو ہم بہت جوش و خروش کے ساتھ منائیں۔‘‘
داخلے کے انتظامات کے بارے میں ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح بخشی اسٹیڈیم میں عوام کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی سہولت کے لیے تفصیلی انتظامات کیے گئے ہیں اور ہر مقام پر پینے کے پانی، بیت الخلا اور ریفریشمنٹ سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں:پلوامہ میں ٹریفک پولیس کی خصوصی کارروائی، متعدد خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے چالان
گرگ نے کہا کہ مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل میں سکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں اور قومی تقریب سے قبل ان کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کے اجلاس منعقد کیے گئے ہیں اور آئی جی کی سطح پر بھی مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، بخشی اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل منعقد کی گئی، جس کا مقصد یومِ آزادی کی مرکزی تقریب کی تیاریوں کا آخری جائزہ لینا تھا۔ ریہرسل میں مختلف محکموں، پریڈ دستوں اور اسکولی بچوں نے حصہ لیا، جو 15 اگست کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

