ETV Bharat / jammu-and-kashmir
سرینگر میں کئی برس بعد لیکچرس کی تقرریاں بحال، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 117 تقرری نامے تقسیم کیے
وزیر اعلیٰ نے تعلیم کے شعبے سے متعلق 2,109 ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جن پر 115 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : July 9, 2026 at 2:34 PM IST
|Updated : July 9, 2026 at 5:30 PM IST
سرینگر(جاوید ڈار): جموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز 117 نئے منتخب شدہ اسکول لیکچراروں میں تقرری نامے تقسیم کیے اور اعلان کیا کہ انتودیہ انا یوجنا (AAY) سے وابستہ خاندانوں کے طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس معاف کی جائے گی۔
یہ اعلانات "بنیاد سے بلندی تک" کے عنوان سے منعقدہ ایجوکیشن کانکلیو 2026 کے دوران کیے گئے، جس کا انعقاد سمگر شکشا نے محکمہ اسکولی تعلیم اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اشتراک سے کیا تھا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تعلیم کے شعبے سے متعلق 2,109 ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جن پر 115 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ ان منصوبوں میں تعلیمی ڈھانچے کی بہتری، ڈیجیٹل لرننگ سہولیات، ورچوئل کلاس روم اسٹوڈیو اور گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (GCET)، جموں میں ایک جدید ہائی ٹیک آڈیٹوریم شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اسکولوں اور کالجوں کے 67 نمایاں طلبہ کو بھی اعزاز سے نوازا، جبکہ قومی ایوارڈ یافتہ اساتذہ کو تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں بھی سراہا۔
اس سے قبل عمر عبداللہ نے طلبہ کی اختراعات، ادارہ جاتی اصلاحات اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات پر مشتمل نمائش کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے جدید خیالات، پیٹنٹس اور اسٹارٹ اپ منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم اور ٹیکنالوجی حقیقی زندگی کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ ہر پیشے کی بنیاد ہیں اور حکومت تعلیمی ڈھانچے کی بہتری، اساتذہ کی معاونت اور جموں و کشمیر بھر میں معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے وزیر تعلیم سکینہ ایتو کی جانب سے تعلیمی شعبے میں اصلاحات اور اہم اقدامات متعارف کرانے کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ حکومت ادارہ جاتی ترقی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مسلسل سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، "میں اس کانکلیو سے جموں و کشمیر کے مستقبل کے حوالے سے نئے اعتماد کے ساتھ واپس جا رہا ہوں۔
مزید پڑھیں: ویڈیو دیکھیں: گریز کی گھاٹی میں لڑکھڑا کر گرتی ہوئی کار سے نوجوان نے لگائی چھلانک
تقریب میں وزیر تعلیم سکینہ ایتو، وزیر زراعت جاوید احمد ڈار، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، اراکینِ اسمبلی، سینئر سرکاری افسران، وائس چانسلرز، ماہرین تعلیم اور طلبہ نے شرکت کی۔

