ETV Bharat / jammu-and-kashmir
عام آدمی پارٹی کو وادی بھر میں ضلع سطح کے کنونشن منعقد کرنے کی اجازت ملنی چاہیے: مدثر حسن
پارٹی ترجمان کے مطابق رکن اسمبلی مہراج ملک کی قیادت میں عآپ کل سے کشمیر بھر میں ضلع سطح کے کنونشنز کا آغاز کرے گی۔

Published : June 6, 2026 at 5:17 PM IST
|Updated : June 6, 2026 at 5:45 PM IST
پلوامہ (سید عادل مشتاق): عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ریاستی ترجمان مدثر حسن نے کہا کہ پارٹی کو وادی کشمیر میں ضلع سطح کے کنونشن منعقد کرنے کی اجازت ملنی چاہیے کیونکہ یہ ایک جمہوری اور آئینی حق ہے۔
ضلع ہیڈکوارٹر پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مدثر حسن نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اپنے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی مہراج ملک کی قیادت میں کل سے کشمیر بھر میں ضلع سطح کے کنونشنز کا آغاز کرے گی۔ ان کنونشنز کا مقصد عوامی مسائل اور شکایات کو براہِ راست سننا، ان کے حل کے لیے آواز اٹھانا اور پارٹی کو گراس روٹ سطح پر مزید مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں متعلقہ حکام تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کنونشنوں کے ذریعے مختلف اضلاع میں عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کیا جائے گا اور ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا جائے گا۔
مدثر حسن نے پریس بریفنگ کے دوران جموں و کشمیر اے اے پی کے ریاستی صدر مہراج ملک پر عائد پابندیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک جمہوری طور پر منتخب عوامی نمائندے کو آزادانہ نقل و حرکت اور لوگوں سے ملاقات و رابطے سے روکنا جمہوریت کی روح کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں عوامی نمائندوں کو اپنے حلقوں اور عوام کے ساتھ رابطے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے اور ایسی پابندیاں عوامی آواز کو دبانے کے مترادف ہیں۔
مدثر حسن نے مزید کہا کہ تمام چیلنجوں کے باوجود عام آدمی پارٹی عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھے گی اور کل سے کشمیر بھر میں اپنے ضلع سطح کے کنونشنز کے ذریعے عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی کوشش کرے گی۔

