ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پنگلینہ پلوامہ میں تین منزلہ رہائشی مکان میں آتشزدگی
آتشزدگی کے بعد فائر ٹینڈر کی عدم دستیابی پر مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا

Published : January 8, 2026 at 1:56 PM IST
پلوامہ(سید عادل مشتاق): ضلع پلوامہ کے پنگلینہ علاقے میں آج صبح ایک تین منزلہ رہائشی مکان میں اچانک بھیانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شعلے دور دور تک نظر آ رہے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، جس کے باعث اسے قریبی مکانات تک پھیلنے سے روک لیا گیا۔ تاہم آگ بجھانے تک عبد الرحمان نائک کے اس تین منزلہ مکان کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا اور مکان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔
خوش قسمتی سے اس افسوسناک واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثنا پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مزید پڑھیں: پلوامہ کے صنعتی علاقے کے فلور مل میں سیب کے ڈبوں میں آتِشزدگی، تین لاکھ سے زائد سیب کے باکس راکھ میں تبدیل
مقامی لوگوں نے انتظامیہ کی توجہ اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اگرچہ گاؤں میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا ایک یونٹ موجود ہے، تاہم وہاں فائر ٹینڈر یا مناسب گاڑی دستیاب نہیں ہے، جس کی وجہ سے ہنگامی حالات کے دوران علاقے کے لوگوں کو بار بار شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر یونٹ کو ضروری گاڑی اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کے دوران بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

