ETV Bharat / jammu-and-kashmir

اننت ناگ کے اورن ہال علاقے میں رہائشی مکان میں بھیانک آتشزدگی، لاکھوں روپے کی املاک راکھ

متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔

اننت ناگ کے اورن ہال علاقے میں رہائشی مکان میں بھیانک آتشزدگی، لاکھوں روپے کی املاک راکھ
اننت ناگ کے اورن ہال علاقے میں رہائشی مکان میں بھیانک آتشزدگی، لاکھوں روپے کی املاک راکھ (Image: ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : March 2, 2026 at 8:42 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ: (فیاض لولو) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے اورن ہال (بٹینگو) علاقے میں پیر کے روز ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں مکان اور اس میں موجود قیمتی گھریلو سامان کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی جبکہ آسمان کی طرف اٹھتے ہوئے گھنے دھوئیں کے بادل دور دور تک دیکھے گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ اچانک مکان کے ایک حصے سے بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ شعلوں نے تیزی سے پورے ڈھانچے اور اندر موجود گھریلو سامان کو اپنی زد میں لے لیا جس کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی املاک کے جل کر خاکستر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود رہیں اور امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے مقامی لوگوں کے تعاون سے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا اور مزید پھیلاؤ کو روک دیا۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے فوراً بعد علاقے کے باشندے بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے اور آگ بجھانے کی کوششوں میں فائر سروس کے عملے کی بھرپور مدد کی۔ ان کی بروقت مدد اور فائر سروس کی فوری کارروائی کے باعث آگ کو نزدیکی مکانات تک پھیلنے سے روک لیا گیا۔

ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔

خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم مالی نقصان کافی زیادہ بتایا جا رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے انتظامیہ اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو مناسب امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اس مشکل صورتحال سے باہر نکل سکیں۔