ETV Bharat / jammu-and-kashmir
دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے اننت ناگ کے کسانوں کاایک گروپ چنڈی گڑھ روانہ
دورے کا مقصد کسانوں کو جدید ڈیری فارمنگ، مویشیوں کی بہتر پرورش، متوازن خوراک اور دودھ کی پیداوار بڑھانےکے مؤثر طریقوں سے آگاہ کرنا ہے۔

Published : August 25, 2026 at 4:20 PM IST
اننت ناگ: (فیاض لولو) جموں و کشمیر مِلک پروڈکشن کارپوریشن کی جانب سے ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے ایک گروپ کو دودھ کی پیداوار میں اضافے کے جدید طریقوں سے روشناس کرانے کے لیے چندی گڑھ، پنجاب روانہ کیا گیا۔
اس تربیتی دورے کا مقصد کسانوں کو جدید ڈیری فارمنگ، مویشیوں کی بہتر پرورش، متوازن خوراک اور چارہ فراہم کرنے کے طریقۂ کار سمیت دودھ کی پیداوار بڑھانے کے مؤثر طریقوں سے آگاہ کرنا ہے۔ کسان چندی گڑھ اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں ڈیری فارمنگ سے وابستہ افراد اور اداروں کے عملی تجربات کا بھی مشاہدہ کریں گے اور ضروری تربیت حاصل کریں گے۔
روانگی کے موقع پر کسانوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دورے کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ گائے اور بھینسوں کی بہتر دیکھ بھال، مناسب خوراک اور جدید طریقوں کے ذریعے دودھ کی پیداوار میں کس طرح اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
کسانوں کا کہنا تھا کہ وہ وہاں سے حاصل ہونے والے تجربات اور تربیت کو واپس کشمیر آ کر اپنے ڈیری یونٹس میں اپنانے کی کوشش کریں گے، تاکہ نہ صرف ان کے مویشیوں کی صحت اور دودھ کی پیداوار میں بہتری آئے بلکہ جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر دودھ کی پیداوار بڑھانے میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔
کسانوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی دوروں سے انہیں جدید ڈیری فارمنگ کے طریقوں کو سمجھنے اور مقامی سطح پر دودھ کی پیداوار میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔

