ETV Bharat / jammu-and-kashmir
داخلی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے 85 ولیج ڈیفنس گروپ اراکین کو خصوصی تربیت
یہ تربیتی پروگرام ڈی پی ایل جموں میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ایس او جی جموں کے ماہر ٹرینرز بھی شامل ہیں۔

Published : January 3, 2026 at 9:53 PM IST
جموں: (محمد اشرف گنائی) جموں و کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کے بین الاقوامی سرحد سے متصل جموں کے حساس علاقوں میں داخلی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے آرنیا، آر ایس پورہ اور کناچک کے سرحدی دیہات سے تعلق رکھنے والے 85 ولیج ڈیفنس گروپ (وی ڈی جی) اراکین کو ضلع پولیس لائنز جموں میں خصوصی اور سخت تربیت دی جا رہی ہے۔ جموں کشمیر پولیس ترجمان کے مطابق اس تربیتی پروگرام میں وی ڈی جی اراکین کو خودکار ہتھیاروں کے استعمال، معمولی جنگی حکمتِ عملی، خود دفاع، بنکر تعمیر اور دشمن حملوں کو ناکام بنانے کی عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کے ایک بیان کے مطابق تربیتی سیشن کا افتتاح آج ایس ایس پی جموں شری جوگندر سنگھ، جے کے پی ایس نے ڈی پی ایل جموں میں کیا۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹر جموں، ایس پی آپریشنز جموں اور ڈی ایس پی ڈی اے آر جموں بھی موجود تھے۔
قابلِ ذکر ہے کہ یہ دیہات بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع ہے، جہاں خصوصاً سردیوں کے موسم میں دھند کے باعث دراندازی، ڈرون کے ذریعے اسلحہ گرانے اور سرنگ سازی جیسے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ انہی خطرات کے پیش نظر وی ڈی جی اراکین کو جدید اور مؤثر تربیت دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وہ فوری طور پر ردعمل دے سکیں۔
یہ تربیتی پروگرام ڈی پی ایل جموں میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ایس او جی جموں کے ماہر ٹرینرز بھی شامل ہیں۔ اس کا مقصد وی ڈی جی اراکین کو اپنے دیہات کے تحفظ کے قابل بنانا اور انہیں حساس علاقوں میں فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر تیار کرنا ہے۔
وی ڈی جی اراکین نے اس تربیت اور حالیہ طور پر ہتھیاروں کی اپ گریڈیشن کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے پرانے 303 رائفلز کی جگہ سیلف لوڈنگ رائفلز (SLRs) فراہم کرنے پر پولیس انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے ان کے حوصلے اور اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی جموں شری جوگندر سنگھ نے سرحدی علاقوں میں داخلی سلامتی کو مضبوط بنانے میں وی ڈی جی کے کردار کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ولیج ڈیفنس گروپس کو مضبوط بنانا ایک کثیر سطحی سیکورٹی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

