یمن کے صنعاء ہوائی اڈے پر بمباری کے بعد حوثیوں کا سعودی کے ابہا ایئرپورٹ پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ
ان حملوں نے کچھ سال نسبتاً پرسکون رہنے کے بعد سعودی عرب اور حوثیوں کے بیچ ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

Published : July 14, 2026 at 10:40 AM IST
قاہرہ: یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا کہ پیر کو صنعاء ہوائی اڈے پر سعودی عرب کی فضائی بمباری کے جواب میں انہوں نے سعودی کے ابہا ہوائی اڈے کو میزائل اور ڈرون سے سے نشانہ بنایا۔
تاحال ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، لیکن اس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ سعودی عرب کے حکام نے یمن میں فضائی حملوں کے بارے میں تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
حوثی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ ساری نے ٹیلی گرام پر ایک ویڈیو بیان میں ایئر لائنز کو سعودی فضائی حدود سے پرواز کرنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان وارننگز کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی ناکہ بندی ختم نہیں ہو جاتی تب تک سعودی فضائی حدود محفوظ نہیں ہیں۔
اس سے قبل یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ صنعا کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے والے حملوں کا مقصد وہاں ایرانی طیارے کو اترنے سے روکنا تھا۔
یمن کے صنعا میں فضائی حملوں کے بعد حوثیوں نے اس کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا۔ ان واقعات سے کچھ سال نسبتاً پرسکون رہنے کے بعد حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان پہلی بار بڑے کشیدگی کی نشاندہی ہوتی ہے۔

سلامتی کونسل کا اظہار تشویش
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پیر کی سہ پہر اس پیش رفت پر ایک ہنگامی اجلاس میں طلب کیا جس میں حکام نے وسیع پیمانے پر بڑھنے کے خطرے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور خالد خیری نے 15 رکنی کونسل کو بتایا کہ یمن اور یہ پورا وسیع خطہ کشیدگی کے ایک اور دور کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ "ہم تمام فریقوں سے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں مذاکرات میں تعمیری طور پر شامل ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔"
حوثی ترجمان ساری نے پیر کے روز ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے فضائی حملے شروع کیے جس کو انہوں نے "کشیدگی کم کرنے" کے دور کا خاتمہ قرار دیا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ "اس جارحیت کا جواب دیا جائے گا اور اس کی سزا دی جائے گی۔"
ٹیلیگرام کی تازہ ترین اپڈیٹ میں، ساری نے کہا کہ صنعاء میں ہونے والے حملوں کا مقصد "صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے انسانی بنیادوں پر مریضوں اور پھنسے ہوئے افراد کو لے جانے والی پروازوں کے لیے بند کرنا تھا۔"
سعودی زیرقیادت اتحاد شمال میں حوثیوں کے خلاف محاذ آرا
قابل ذکر ہے کہ یمن کی خانہ جنگی سال 2014 میں اس وقت شروع ہوئی جب حوثیوں نے دارالحکومت صنعا اور شمالی یمن کے بیشتر حصے پر قبضہ کر لیا اور منظور شدہ حکومت کو جلاوطنی پر مجبور کر دیا۔ بعد ازاں متحدہ عرب امارات سمیت سعودی زیرقیادت اتحاد نے حکومت کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے لیے اگلے سال مداخلت کی۔
رواں سال کے شروع میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان یمن کی جنگ میں برسوں سے جاری شراکت داری ٹوٹنے کے بعد کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں یو اے ای یمن سے نکل گیا۔
حالیہ دنوں میں یمن میں حوثیوں کے خلاف مقامی سنی قبائلیوں کا اتحاد ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے اور کئی ایک مقامات پر حوثی جنگجوؤں کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔
سعودی عرب کا بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے سعودی زیرقیادت اتحاد کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے پیر کی شام کو ایکس پر فضائی حملوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی کے جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ اس ماہ کے شروع میں دونوں فریق کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب حوثیوں نے الزام عائد کیا کہ سعودی طیاروں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے لیے گئے حوثی وفد کو واپس لا رہے ایرانی طیارے کو یمن میں لینڈ ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔
خامنہ ای کے جنازے میں گئے حوثی وفد کی پرواز کو روکنے کا الزام
یمن کے وزیر دفاع، جنرل طاہر العقیلی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پیر کو ہوائی اڈے کے رن وے پر ایک ایرانی طیارے کو نشانہ بنایا گیا جو حوثی وفد کو خامنہ ای کے جنازے سے واپس لا رہا تھا۔ حملوں سے کچھ دیر پہلے جاری کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں العقیلی نے ایرانی طیاروں اور یمنی فضائی حدود میں دراندازی کے خلاف خبردار کیا۔
انہوں نے کہا کہ "ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق، ہم اس غداری اور وحشیانہ اقدام کا مناسب جواب دیں گے، اور ہم تمام دستیاب ذرائع سے یمن کی فضائی حدود اور خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے والے دشمن طیاروں کا مقابلہ کریں گے اور ان سے نمٹیں گے۔"
حوثیوں کا کہنا ہے کہ حملوں کے بعد ایرانی طیارے کا رخ حدیدہ ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا تھا، جہاں اس نے لینڈنگ کیا۔ حوثیوں کے زیر کنٹرول المسیرہ نشریاتی ادارے کی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک میزائل صنعا کے ہوائی اڈے کے رن وے سے ٹکرا رہا ہے جس کے بعد ایک زوردار دھماکہ ہوتا ہے۔
وہیں جنوبی یمن میں قائم سعودی حامی منظور شدہ حکومت 'صدارتی لیڈرشپ کونسل' نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ یمن کے تمام ہوائی اڈوں کو "فوری طور پر، اگلی نوٹس تک بند کر دیا گیا ہے۔" یمنی وزارت دفاع نے ہوائی اڈے اور آس پاس کے علاقوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
صدارتی لیڈرشپ کونسل کی سربراہی کرنے والے رشاد العلیمی نے کہا کہ ایران نے حوثی وفد کی واپسی کے لیے ایرانی ایئرلائن ماہان ایئر کی تہران سے صنعا کے لیے پرواز چلانے کی درخواست کی تھی۔ کونسل نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ حوثیوں نے ایرانی پرواز کی لینڈنگ کرانے پر اصرار کیا جو کہ شہری ہوا بازی کو کنٹرول کرنے والے قانونی اور خودمختار فریم ورک سے باہر ہے"۔
یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ نے ایک بیان میں کہا کہ ان کا دفتر یمن کی فضائی حدود میں ہونے والی پیش رفت پر نظر بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے وسیع تر کشیدگی کے خطرے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقوں سے بات چیت میں شامل ہونے کا مطالبہ کیا۔
(ایجنسی ان پٹ معمولی ترمیم کے ساتھ)
مزید پڑھیں:
سعودی عرب کی یمن پر بمباری، یو اے ای سے آئی ہتھیاروں کی کھیپ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
یمن میں کارگو جہاز پر میزائل لگنے سے دو افراد زخمی، جہاز کا عملہ ہوا فرار
یمن میں اسرائیلی فضائی حملے میں حوثی باغیوں کے وزیر اعظم احمد الرحاوی جاں بحق

