ایران کا یو اے ای کے دو ٹینکروں پر حملہ، ایک بھارتی کی موت، چھ زخمی، امریکہ کا ہرمز میں فیس وصول کرنے کا اعلان
ہرمز میں عرب امارات کے ٹینکروں اور بحرین پر حملوں کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے امریکہ نے ایران پر بمباری شروع کر دی ہے۔

Published : July 14, 2026 at 8:21 AM IST
دبئی، متحدہ عرب امارات: امریکہ نے منگل کی صبح ایک بار پھر ایران پر بمباری شروع کر دی ہے۔ اسی کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ واشنگٹن آبنائے ہرمز میں ایران کے خلاف ناکہ بندی "دوبارہ" شروع کر رہا ہے۔ مزید برآں، ٹرمپ نے تجویز کیا کہ امریکہ دنیا بھر میں نیوی گیشن کی آزادی کی حمایت کرنے والی امریکی پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے محفوظ آمد و رفت کے لیے بحری جہازوں سے فیس وصول کرے گا۔
اس سے قبل ایران نے بحرین کو نشانہ بنانے کے علاوہ آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے دو ٹینکروں پر حملہ کر دیا، جس میں ایک بھارتی ملاح ہلاک جب کہ آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔ وہیں امارات نے ایران کے خلاف جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایران اور امریکہ دونوں آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے لیے لڑ رہے ہیں جہاں سے دنیا بھر کے خام تیل اور قدرتی گیس کا پانچواں حصہ گزرتا تھا۔ دریں اثنا کشیدگی بڑھنے کی وجہ سے بینچ مارک برینٹ کروڈ آئل کی قیمت منگل کے اوائل میں ٹریڈنگ میں ایک ماہ کی بلند ترین سطح 84 ڈالر تک پہنچ گئی، تاہم یہ جنگ کے عروج کے دوران بڑھی قیمت تقریباً 120 ڈالر سے ابھی نیچے ہے۔ بہرحال دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضاے کا خدشہ برقرار ہے۔
آبنائے کھلا رہے گا، ٹرمپ کا اصرار
امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے خلاف حملوں کا ایک اور دور شروع کر دیا ہے۔ امریکی فوج نے کہا کہ "یہ حملے ایرانی افواج سے بھاری قیمت وصول کریں گے اور معصوم شہریوں اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی پر حملہ کرنے کی ان کی صلاحیت کو کمزور کر دیں گے۔"
فوج کی جانب سے ایران پر نئے حملوں کے اعلان کے چند لمحوں بعد ٹرمپ نے اسے "ایک اور بڑا حملہ" قرار دیا۔ انہوں نے اوول آفس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ "ہم انہیں بہت سخت ضرب لگا رہے ہیں اور یہ جاری رہے گا۔ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔" "ہم ان کی تمام جارحانہ صلاحیت کو ختم کر رہے ہیں اور ہم آبنائے کو کنٹرول کر رہے ہیں۔ ہم ناکہ بندی واپس بحال کر رہے ہیں۔"
امریکہ بھی جہازوں سے فیس وصول کرے گا!
آفس میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کے بارے میں نئی تفصیلات بھی فراہم کیں اور یہ تجویز کیا کہ وہ آبنائے سے گزرنے والے بحری جہازوں سے ٹول وصول کریں گے۔ حالانکہ اس سے قبل اپنے سابقہ بیانوں میں وہ کہہ چکے ہیں کہ ایسا نہیں ہو گا۔
انہوں نے تازہ بیان میں کہا کہ "ہم دنیا کے ایک بہت مالدار حصے کی حفاظت کر رہے ہیں۔ اس کے لیے ہم پیسے خرچ کر رہے ہیں اور اس طرح، ہم نے جو کیا ہے، اس تحفظ کے لیے ہمیں معاوضہ دیا جائے گا۔"

یہ امریکی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی ہے۔ اب تک امریکہ کا موقف یہ تھا کہ آبنائے ہرمز بغیر ٹول کے سب کے لیے کھلا رہنا چاہیے - جیسا کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملہ کرنے سے پہلے کی صورت حال تھی۔ امریکہ یا ایران کی طرف سے فیس وصول کرنے کی کوئی بھی کوشش جہاز رانی کی آزادی کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کرے گی اور کشیدگی میں اضافہ کرے گی، جس سے خطہ کی اقتصادیات میں مزید خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔
پورے مشرق وسطیٰ میں حملے دوبارہ شروع
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے منگل کی صبح کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں اس کے دو ٹینکروں پر حملہ کیا جس میں ایک ملاح ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے۔ اماراتی وزارت دفاع نے کہا کہ ایران نے ممباسا اور البحیہ نام کے ٹینکروں پر دو کروز میزائل داغے۔ ان حملوں کے بعد دونوں ٹینکروں میں آگ لگ گئی، حالانکہ بعد میں آگ بجھا دی گئی تھی۔
وہیں ایران کے پاسداران انقلاب نے ٹینکروں پر حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ جہازوں نے "بار بار کی وارننگ کو نظر انداز کیا۔" ایران نے کہا کہ "انہوں نے بارودی سرنگ کے میدان سے گزرنے کا انتخاب کیا جس کے نتیجے میں انہیں نشانہ بنایا گیا اور انہیں بے کار کر دیا گیا۔"
دریں اثنا بحرین بھی منگل کی صبح ایران کے ایک نئے حملے کی زد میں آیا جب تہران نے امریکی فضائی حملوں کے تازہ ترین دور پر جوابی کارروائی شروع کی۔ اس دوران بحرین نے دو بار اپنے میزائل الرٹ سائرن بجا کر عوام سے پناہ لینے کی اپیل کی۔ تاحال ان حملوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
ایک بھارتی شہری ہلاک، چھ بھارتی اور دو یوکرینی زخمی
وہیں اماراتی وزارت دفاع نے کہا کہ ٹینکروں پر حملے میں ایک بھارتی شہری ہلاک جب کہ چھ بھارتی اور دو یوکرینی زخمی ہو گئے۔
وزارت دفاع نے مزید کہا کہ "متحدہ عرب امارات اس جارحیت کا جواب دینے اور اپنے علاقے، شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔"
اس سے قبل امارات نے جنگ کے دوران ایران کے خلاف حملے شروع کرنے سے پہلے ایسا ہی بیان دیا تھا۔ اسی دوران دبئی میں منگل کی صبح جنگی طیاروں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایران ایک ٹیسٹ میں ناکام رہا: ٹرمپ
پیر کے اوائل میں، ٹرمپ نے قدامت پسند ریڈیو کے میزبان ہیو ہیوٹ کو بتایا کہ گزشتہ ماہ طے پانے والا معاہدہ ایران کی "امتحان کے لیے بنایا گیا تھا۔" اسی کے ساتھ امریکی صدر نے کہا کہ "انہوں نے اس امتحان کا احترام نہیں کیا۔"
وہیں ایران کا دعویٰ ہے کہ اسے آبنائے ہرمز میں ٹریفک کا انتظام کرنے اور عبوری امن معاہدے کے بعد ممکنہ طور پر فیس وصول کرنے کا حق حاصل ہے۔ امریکہ نے ایران کے اس موقف کی سخت مخالفت کر رہا ہے۔
دریں اثنا امریکی فوج اور اقوام متحدہ کی بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن نے آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحلی علاقے سے متصل ایک نیا راستہ بنانے کی کوشش کی ہے جو ایرانی کنٹرول سے باہر ہو گی۔ جب کہ ایران نے اس نئے راستے کا استعمال کرنے والے بحری جہازوں کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔
تہران کا کہنا ہے کہ امریکہ عبوری امن معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ جہازوں پر حملوں کے جواب میں امریکہ نے ایران پر لگاتار حملے کر رہا ہے اور ایران نے امریکہ کی اتحادی عرب ریاستوں پر میزائل اور ڈرون برسا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں فائرنگ کے تبادلے نے پہلے سے ہی کمزور عبوری امن معاہدے پر مزید شکوک پیدا کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں:
ایران پر امریکی حملوں کی چوتھی لہر کے بعد خلیجی ریاستوں پر تہران کے تازہ حملے
آبنائے ہرمز بند، امریکہ کی ایران پر پھر سے بمباری، خلیجی ممالک میں تہران کے جوابی حملے
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کئی روزہ سرکاری تقاریب کے بعد مشہد میں سپرد خاک

