ٹرمپ کو آیا غصہ! کہا۔۔ ارکان پارلیمنٹ الہان عمر اور راشدہ طلیب کو امریکہ سے نکال دینا چاہیے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران دونوں خاتون مسلم ارکان پارلیمان کے احتجاج پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

Published : February 26, 2026 at 1:00 PM IST
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ریاستہائے متحدہ کی دو ارکان پارلیمان الہان عمر اور راشدہ طلیب کو امریکہ سے نکال دینا چاہیے اور جہاں سے وہ آئی ہیں انھیں واپس بھیج دیا جانا چاہیے۔ کانگریس کی ان دو ڈیموکریٹک اراکین نے ٹرمپ کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے تھے۔
منگل کو ٹرمپ کے خطاب کے دوران، فلسطینی نژاد امریکی راشدہ طلیب، اور صومالی نژاد امریکی الہان عمر نے ٹرمپ کی غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق امیگریشن پالیسی پر تنقید کی تھی۔ راشدہ طلیب نے چیخ کر کہا تھا، " آپ سب سے بدعنوان صدر ہیں"

ٹرمپ نے بدھ کے روز دیر گئے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر لکھا کہ دونوں مسلم قانون سازوں نے "ٹیڑھے اور بدعنوان سیاست دانوں" جیسا برتاؤ کیا ہے جنہیں امریکہ سے نکال دیا جانا چاہیے۔
ٹرمپ نے دونوں مسلم ارکان پارلیمان کو کم آئی کیو والی ذہنی طور پر بیمار قرار دیا۔
ٹرمپ نے کہا، "جب لوگ اس طرح کا برتاؤ کر سکتے ہیں، اور یہ جانتے ہوئے کہ وہ بدعنوان سیاست دان ہیں، ہمارے ملک کے لیے بہت برا ہے، تو ہمیں انہیں جلد از جلد واپس بھیج دینا چاہیے،"

امریکی صدر نے مزید کہا کہ "وہ (الہان عمر اور راشدہ طلیب) صرف امریکہ کو نقصان پہنچا سکتیں ہیں، وہ اس کی مدد کے لیے کچھ نہیں کر سکتیں،"
الہان عمر اور راشدہ طلیب ڈیموکریٹک قانون سازوں کے ایک چھوٹے گروپ میں شامل تھے جنہوں نے منگل کو ٹرمپ کی تقریباً دو گھنٹے کی تقریر کے دوران احتجاج کیا۔

ٹرمپ نے اپنی تقریر کے دوران قانون سازوں سے کہا کہ امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) جیسے وفاقی حکام کے ساتھ تعاون نہیں کرنے والی ریاستوں کو ختم کر دینا چاہیے۔ ٹرمپ کے اس تبصرہ پر عمر اور طلیب نے چیخ کر کہا، "تم نے امریکیوں کو مار ڈالا ہے!"
I said what I said.
— Ilhan Omar (@IlhanMN) February 25, 2026
I had to remind Trump that his administration was responsible for killing two of my constituents. pic.twitter.com/evLOJv7SO7
عمر نے بعد میں سوشل میڈیا پر لکھا: "میں نے وہی کہا جو میں نے کہا۔ مجھے ٹرمپ کو یاد دلانا تھا کہ ان کی انتظامیہ میرے پارلیمانی حلقے میں دو افراد کے قتل کی ذمہ دار ہے"۔
واضح رہے، الہان عمر مینیسوٹا کے پانچویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ جنوری میں، مینیسوٹا میں آئی سی ای اور کسٹم ایجنٹس کے امیگریشن چھاپوں کے خلاف احتجاج کر رہے وفاقی افسران کے ہاتھوں دو امریکی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔
الہان عمر مینیسوٹا کی صومالی امریکی کمیونٹی کی رکن بھی ہیں، جنھیں ٹرمپ کی جانب سے بار بار تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
Can't take two Muslimas talking back and correcting him so now he is crashing out. #PresidentMajnoon
— Rashida Tlaib (@RashidaTlaib) February 25, 2026
امریکی کانگریس میں فلسطینی نژاد پہلی خاتون راشدہ طلیب نے بعد میں سوشل میڈیا پر مسلم ارکان پارلیمان کو نشانہ بنائے جانے کو لے کر ٹرمپ پر تنقید کی اور لکھا ہیش ٹیگ PresidentMajnoon۔ واضح رہے مجنون ایک عربی لفظ ہے جس کے معنی پاگل یا جنونی کے طور پر ہوتا ہے۔
واضح رہے، اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران جب کچھ ہنگامہ آرائی جاری رہی، ٹرمپ نے اعلان کیا، "آپ کو اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے۔" بعد میں، انھوں نے ڈیموکریٹس کی طرف اشارہ کیا اور کہا، "یہ لوگ پاگل ہیں۔"

الہان عمر اور راشدہ طلیب کے علاوہ ڈیموکریٹک ریپبلک ال گرین کو ٹرمپ کے خطاب کے شروع میں چیمبر سے لے جایا گیا، جب انھوں نے احتجاج کا ایک نشان لہرایا جس پر لکھا تھا "سیاہ فام لوگ بندر نہیں ہیں!" یہ ٹرمپ کی پوسٹ کردہ نسل پرستانہ ویڈیو کا واضح حوالہ تھا جس میں سابق صدر براک اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کو جنگل میں چمپینزی کے طور پر دکھایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:

