وینزویلا کی رہنما مچاڈو اپنا امن انعام ٹرمپ کو نہیں دے سکتں: نوبل ادارہ
کیا وینزویلا کی اپوزیشن رہنما مچاڈو اپنا امن انعام امریکی صدر ٹرمپ کو منتقل کر سکتی ہیں؟ نوبل ادارے نے اس کی وضاحت کی ہے۔

Published : January 11, 2026 at 9:10 AM IST
واشنگٹن: نوبل امن انعام کی نگرانی کرنے والی تنظیم نے وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا مچاڈو کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا ایوارڈ پیش کرنے کی حالیہ تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ جمعہ کو ایک مختصر بیان میں ناروے کے نوبل انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ ایک بار امن کے نوبل انعام کا اعلان ہونے کے بعد اسے منسوخ، منتقل یا دوسروں کے ساتھ شیئر نہیں کیا جا سکتا۔
نوبل ادارے کا بیان
نوبل انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ نوبل ایوارڈ کو منتقل یا شیئر نہ کرنے سے متعلق ان کا ''یہ فیصلہ حتمی ہے اور ہمیشہ کے لیے نافذ العمل رہے گا۔‘‘ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب مچاڈو نے کہا کہ وہ یہ انعام ٹرمپ کو پیش کرنا یا اس کے ساتھ اشتراک کرنا چاہیں گی، جنہوں نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو پکڑنے کے لیے کامیاب امریکی آپریشن کی نگرانی کی۔ مادورو کو فی الحال نیویارک میں منشیات کی سمگلنگ کے الزامات میں قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔
مچاڈو نے پیر کو فاکس نیوز کے میزبان شان ہینٹی کو بتایا کہ "میں یقینی طور پر اسے ذاتی طور پر بتانا چاہوں گی کہ ہم وینزویلا کے لوگوں پر یقین رکھتے ہیں، کیونکہ یہ وینزویلا کے لوگوں کا انعام ہے۔ ہم یقینی طور پر انہیں دینا چاہتے ہیں اور ان کے ساتھ اسے ساجھا کرنا چاہتے ہیں۔"
مچاڈو کی ٹرمپ کو خوش کرنے کی کوشش
'انہوں نے جو کچھ کیا وہ تاریخی ہے۔ یہ جمہوری تبدیلی کی طرف ایک بہت بڑا قدم ہے۔' ماچاڈو نے خود کو ملے نوبل انعام کو وینزویلا کے لوگوں کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کو بھی وقف کیا۔ مبصرین کے مطابق وینزویلا میں نئی پیش رفت کے بعد اب مچاڈو ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے اس ایوارڈ کو انہیں منتقل کرنے کی بات کہہ رہی ہیں، کیوں کہ امریکی صدر نے وینزویلا کے صدر کے طور پر ان کا نام آگے بڑھانے سے انکار کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ دوسری بار صدر بننے کے بعد ٹرمپ نے خود نوبل انعام جیتنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس کے لیے کھل کر مہم بھی چلائی ہے۔ تاہم، جب مادورو کی گرفتاری کے بعد وینزویلا پر حکومت کرنے کی بات آئی تو ٹرمپ نے نوبل انعام یافتہ مچاڈو کی حمایت کرنے کے بجائے قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز کو ترجیح دی جنہوں نے مادورو کے دور میں نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ٹرمپ کا مچاڈو کو وینزویلا کا لیڈر بنانے سے انکار
صدر ٹرمپ نے مچاڈو کو ایک "بہت اچھی خاتون" قرار دیا لیکن مزید کہا کہ اس وقت وینزویلا میں حکومت چلانے کے لیے ان کے پاس حمایت کی کمی ہے۔ مبصرین کے مطابق نوبل انعام قبول کرنے کی وجہ سے صدر ٹرمپ مچاڈو سے خوش نہیں ہیں اور اسی لیے انہوں نے اپوزیشن رہنما کو وینزویلا کے اگلے لیڈر کے طور پر آگے بڑھانے سے انکار کر دیا۔
مزید پڑھیں:
نوبل امن انعام یافتہ ماچاڈو نے دل بڑا کیا: کہا، ڈونلڈ ٹرمپ کو میں وقف کرتی ہوں ایوارڈ
ڈونلڈ ٹرمپ کو نہیں ملا نوبل امن انعام ، وینزویلا کی ماریہ کورینو ماچاڈو نے ماری بازی
وینزویلا پر امریکی حملے اور مادورو کی 'گرفتاری' پر شدید رد عمل، کملا ہیرس اور ممدانی ٹرمپ پر برس پڑے
روس کی امریکہ سے مادورو کو رہا کرنے کی اپیل، بات چیت سے مسئلہ حل کرنے کی تاکید

