ETV Bharat / international

نتن یاہو کا حماس کے مکمل طور پر غیر مسلح ہونے تک غزہ سے اسرائیلی انخلاء سے انکار

غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلاء کے امریکی منصوبے کی اسرائیلی وزیراعظم نےمخالفت کی ہے، انھوں نے پہلے حماس کو غیر مسلح کرنے پر زوردیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بات کرتے ہوئے
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بات کرتے ہوئے (AP)
author img

By AP (Associated Press)

Published : August 5, 2026 at 5:17 PM IST

5 Min Read
Choose ETV Bharat

دیر البلاح، غزہ سٹی: اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے منگل کو کہا کہ اسرائیل غزہ میں اپنے موجودہ خطوط سے اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گا جب تک کہ حماس مکمل طور پر غیر مسلح نہیں ہو جاتی۔ نتن یاہو کے اس اعلان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کردہ حالیہ معاہدے کا کوئی مطلب نہیں رہ جاتا۔

جنگ بندی کے فریم ورک پر ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ منصوبے کے تحت بات چیت کی گئی تھی، جس کی نگرانی خود ٹرمپ کی سربراہی میں بورڈ آف پیس کر رہا ہے۔

حماس کے رہنما مصری، قطری اور ترکی کے نمائندوں سے بات چیت کے لیے گذشتہ ہفتے کے اواخر سے مصری دارالحکومت قاہرہ میں موجود ہیں۔

نتن یاہو کے تبصرے نے حماس کو غیر مسلح کرنے کے معاہدے پر مزید شکوک پیدا کیے ہیں، جسے جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ممکنہ پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ نتن یاہو نے یہ بیان دے کر ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ جاری رسہ کشی کو منظر عام پر لانے کا کام بھی کیا ہے۔

اس معاہدے میں حماس سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر مسلح ہونا شروع کرے۔ اس میں اسرائیل پر غزہ میں اپنے حملے روکنے اور تقریباً 60 فیصد حصے سے دستبرداری شروع کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے پر مبنی ہے جس نے غزہ میں اسرائیل کی بڑی فوجی کارروائیوں کو ختم کرنے اور غزہ میں قید بقیہ یرغمالیوں کی رہائی کو ممکن بنایا تھا، لیکن دیگر محاذوں پر یہ معاہدہ آج بھی تعطل کا شکار ہے۔

نتن یاہو کو اکتوبر میں دوبارہ انتخاب جیتنے کے لیے سخت مقابلہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ حماس کا تخفیف اسلحہ پہلے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز "اپنی، اپنی سرزمین اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے جو کچھ بھی ضروری ہے وہ کرتی رہیں گی۔"

نتن یاہو نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے "ہمیں ایک مسودہ بھیجا، ہم نے اتفاق نہیں کیا۔ یہ ہمارا مسودہ نہیں ہے۔ ہم نے اپنے تبصرے بھیجے ہیں۔ یہ ہمارا موقف ہے۔"

29 جولائی کو ہونے والی پیشرفت کو امن اور سلامتی کی جانب ایک "تاریخی" قدم قرار دیتے ہوئے، صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اس معاہدے پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ، "معاہدے کو احتیاط سے مرتب شدہ مراحل میں انجام دیا جائے گا۔ تخفیف اسلحہ مکمل ہونے کے بعد، اسرائیلی افواج پیچھے ہٹ جائیں گی، اور بین الاقوامی استحکام فورس ایک نئی فلسطینی پولیس فورس کے ساتھ مل کر غزہ کے رہائشیوں اور اس کے پڑوسیوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری لے گی۔"

ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا تھا کہ یہ معاہدہ غزہ کے لیے ان کے 20 نکاتی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں ایک "اہم سنگ میل" کی نشاندہی کرتا ہے۔

فلسطینیوں پر اسرائیل کے مہلک حملے جاری، تعمیر نو کا کام ٹھپ

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے غزہ میں کم از کم 1,252 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزارت، حماس کی زیرقیادت حکومت کا حصہ ہے، ہلاکتوں کے تفصیلی ریکارڈ کو برقرار رکھتی ہے جسے عام طور پر اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور آزاد ماہرین کے نزدیک قابل اعتماد سمجھا جاتا ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کے حملے ان عسکریت پسندوں کے خلاف ہیں جو اس کے فوجیوں کے لیے خطرہ ہیں۔ جنگ بندی کے بعد سے اب تک پانچ اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔

گزشتہ اکتوبر میں امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی معاہدے میں حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیل سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ایک بین الاقوامی اسٹیبلائزیشن فورس کو تعینات کیا جانا تھا، اور ایک آزاد فلسطینی انتظامیہ کو گورننس اور تعمیر نو کی نگرانی کرنی تھی۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ سب کچھ حماس کی جانب سے ہتھیار چھوڑنے پر منحصر ہے، جب کہ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اپنے حملے بند کر کے علاقے سے انخلاء شروع کر دینا چاہیے۔ معاہدے کے بعد سے دونوں فریق ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے آئے ہیں۔

غزہ کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اس کے دو ملین فلسطینیوں میں سے زیادہ تر بے گھر ہیں، بہت سے خیمہ کیمپوں میں رہتے ہیں جہاں خراب حالات اور زیادہ بھیڑ انفیکشن اور چکن پاکس جیسی متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا باعث بنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: