اسرائیلی شہر بیت شمش پر ایرانی میزائل حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی
رپورٹس کے مطابق میزائل ایک رہائشی علاقے میں گرا، جس کے بعد جائے وقوعہ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

Published : March 1, 2026 at 8:43 PM IST
بیت شمش : اسرائیلی شہر بیت شمش پر ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے، جبکہ کم از کم 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس اور اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میزائل ایک رہائشی علاقے میں گرا، جس کے بعد جائے وقوعہ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ امدادی ٹیمیں، طبی عملہ اور زخمیوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے ہیں۔ مقامی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے بھی تصدیق کی کہ میزائل شہر کی حدود میں ایک گنجان آباد علاقے کو نشانہ بنا کر گرا۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مغربی ایشیا میں اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر کیے گئے مشترکہ حملوں جسے آپریشن رورنگ لائین اور ایپک فوری کا نام دیا گیا کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔ ان حملوں کے بعد تہران اور دیگر بڑے شہروں میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔
آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران نے 40 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ’’انتہائی تباہ کن جوابی کارروائی‘‘ کی دھمکی دی ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مغربی ایشیا میں امریکی فوجی اڈوں اور تل ابیب میں اسرائیلی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
مزید اطلاعات کے مطابق دبئی، دوحہ، بحرین اور کویت میں بھی ایرانی حملوں کی خبریں سامنے آئیں، جبکہ خلیج عمان کے قریب ایک آئل ٹینکر کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث کئی ایئرلائنز نے پروازیں منسوخ یا رخ تبدیل کر دیا ہے۔

