کراچی شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی، 80 لاپتہ
تاجروں اور دکانداروں نے آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں پیر کو یوم سوگ منایا۔

Published : January 20, 2026 at 10:50 PM IST
کراچی: پاکستان کے شہر کراچی کے ایک شاپنگ مال میں آتشزدگی سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے جب کہ 80 کے قریب افراد کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے۔ خستہ حال عمارت کے ملبے میں پھنسے لوگوں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں منگل کو بھی جاری رہیں۔
پولیس سرجن سمعیہ سعید نے منگل کو تصدیق کی کہ جناح اسپتال اور سول اسپتال میں اب تک 28 لاشیں لائی جاچکی ہیں جب کہ 20 دیگر زخمی زیر علاج ہیں اور ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کی رات آگ لگنے کے بعد سے اب تک 28 لاشیں ہسپتالوں میں لائی جا چکی ہیں۔
سعید نے بتایا کہ اب تک 18 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے، جب کہ دیگر کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ آگ گل شاپنگ پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر ایک دکان میں لگی۔ آگ نے تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو سروس 1122 کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) عابد جلال نے بتایا کہ آگ بہت شدید تھی اور تقریباً 34 گھنٹے بعد اس پر قابو پایا جا سکا۔ اس دوران پرانی اور خستہ حال عمارت کے کئی حصے گر گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تقریباً 80 افراد کی فہرست دی گئی ہے جن کے آتشزدگی میں لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے۔
جلال نے کہا کہ عمارت کی انتہائی خستہ حالی اور تمام منزلوں پر تقریباً 1,200 دکانوں کی موجودگی کی وجہ سے ریسکیو آپریشن سست رفتاری سے جاری ہے۔ لاپتہ افراد کے اہل خانہ جائے وقوعہ سے جانے سے انکار کر رہے ہیں اور بے چینی سے کسی بھی معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔ ادھر انتظامیہ نے ایم اے جناح روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
تاجروں اور دکانداروں نے آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں پیر کو یوم سوگ منایا۔ گل پلازہ شاپ کیپرز ایسوسی ایشن کے سینئر عہدیدار تنویر پاشا نے اندازہ لگایا کہ آگ سے کم از کم 3 ارب پاکستانی روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کی صحیح مقدار کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔

